الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو توہین عدالت اور پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کروانے کی مہلت دے دی۔
کرچی 17 مئی 2017
( بشیر باجوہ بیورو چیف نیوز وائس آف کینیڈا )
عمران خان کو توہین عدالت پر 29 مئی جبکہ پارٹی فنڈنگ کیس پر 30 مئی تک کا وقت دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 3 مختلف کیسوں پر سماعت کی۔
انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا اسٹے آرڈر الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیا۔ پارٹی فنڈنگ کیس میں عمران خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا کیس سپریم کورٹ میں بھی چل رہا ہے۔ اس لیے جواب جمع کروانے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ میں کیس ہے تو کیا ہم اپنا کام روک دیں۔ سالہا سال سے یہ کیس چل رہا ہے لہٰذا اگلی سماعت پر اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کروائی جائیں۔ توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران بھی عمران خان کے وکیل کی جانب سے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت مانگ لی گئی۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو مزید کاروائی سے روک دیا ہے۔ حکومت پاناما کیس سے توجہ ہٹانے کے لیے نئی نئی ترکیبیں تلاش کر رہی ہے۔
تحریک انصاف نے لیگی رہنما دانیال عزیز کے خلاف بھی توہین عدالت کی درخواست دائر کروانے کا اعلان کر دیا۔ بعد ازاں تحریک انصاف کے الزامات کے بعد دانیال عزیز اور اکبر ایس بابر ایک بار پھر عمران خان پر برس پڑے۔
دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے بھاگ رہی ہے۔ انہوں نے خود غیر ملکی فنڈنگ کا اعتراف کیا۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 29 مئی، پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت 30 مئی جبکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کیس کی سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی۔