صرف 10 ڈالر دے کر قیمتی ہیرے کے مالک بن جائیں
آرکنساس: امریکا میں ایک مقام ایسا ہے جہاں آپ معمولی قیمت دے کر وہاں موجود ہیرے تلاش کرسکتے ہیں اور وہ آپ کی ملکیت کہلائیں گے۔
اس کا نام آرکنساس کریٹر آف ڈائمنڈ اسٹیٹ پارک ہے جہاں آپ 10 ڈالر دے کر ہیرے تلاش کرسکتے ہیں اور انہیں ڈھونڈنے کا سامان بھی کرائے پر لے سکتے ہیں۔ اس پارک میں ایک خاتون نے اپنی قسمت آزمائی اور صرف 10 منٹ میں ہی ان کے ہاتھ ایک ہیرا لگ گیا جس کا وزن 2.65 قیراط ہے جب کہ اس سے قبل مارچ میں اوکلاہوما کے ایک شخص نے یہاں 7.44 قیراط کا ہیرا تلاش کرلیا تھا۔
خاتون نے صرف 10 منٹ میں اس ہیرے کو ڈھونڈ نکالا جسے وہ پہلے کوئی شیشے کا ٹکڑا سمجھیں یکن جب اس کا موازنہ دیگر ہیروں کی تصاویر کے ساتھ کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ یہ درحقیقت ایک ہیرا ہے۔
اس کے بعد پارک کی انتظامیہ نے بھی تصدیق کردی کہ یہ ایک بھورا ہیرا ہے۔ پارک انتظامیہ نے بتایا کہ خاتون نے ایک ایسی جگہ پر کھدائی کی جہاں پانی کی آمدورفت سے مٹی اور پتھر کا ڈھیر جمع ہوگیا تھا۔ پارک کے ترجمان کے مطابق خاتون کا ہیرا اب تک ملنے والے ہیروں میں سے بہت خوبصورت ہے اور اس کا رنگ گہرے شہد جیسا ہے اور یہ ایک ہموار ہیرا ہے۔
اس سال پارک سے ملنے والا یہ دوسرا بڑا ہیرا ہے جسے مائیکل اینجلو ڈائمنڈ کا نام دیا گیا ہے جو ننجا ٹرٹل کے ایک کردار مائیکل اینجلو کے نام پر ہے۔