معروف گلوکار جواد احمد کا برابری تحریک چلانے کا اعلان
(بشیر باجوہ بیورو چیف نیوز وائس آف کینیڈا)
لاہور: گلوکارجواداحمد نے پاکستان کی انتخابی سیاست میں حصہ لینے کے لیے ایک نئی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے درخواست جمع کرادی۔
عالمی شہرت یافتہ گلوکار جواد احمد کے مطابق ان کی سیاسی جماعت کا نام پالیٹکل فرنٹ145 ہوگا اور وہ عوام کو ان کے حقوق دلانے کی کوشش کرے گی۔ انھوں نے لاہور میں واقع الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر میں اپنی پارٹی کی رجسٹریشن کے لیے باقاعدہ درخواست پیر کے روز جمع کرادی۔
جواد احمد گذشتہ چند برسوں سے پاکستان میں فلاحی کاموں میں متحرک ہیں بالخصوص تعلیم کے میدان میں ان کی بے پناہ خدمات ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ نئی سیاسی جماعت 145عام آدمی اور غریبوں کے لیے146 بنائی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا تھا کہ وہ نئی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے کاغذات کی جانچ پڑتال کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ 2013 کے انتخابات میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پلیٹ فارم سے حصہ لینے والے گلوکار ابرارالحق اور عطااللہ عیسیٰ خیلوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جواد احمد گزشتہ کچھ برسوں سے سیاست میں داخلے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل انہوں نے برابری تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا تھا جس کا مقصد طبقاتی نظام کے خلاف جدوجہد اور معاشرے سے چھوٹے بڑےکا فرق ختم کرنے کے لیے کوشش کرنا تھا۔ لاہور سے شروع ہونے والی اس تحریک کے ابتدائی دنوں میں نوجوانوں کی کثیر تعداد متاثر ہوکر جواد احمد کے ہمراہ دکھائی دی تھی۔