ایرانی نظام کے خلاف بغاوت کو کچل دیں گے ، خامنہ ای
تہران ( خبر ایجنسیاں ) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سیاسی مخالفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ملکی نظام کے خلاف بغاوت کرنے کی کوشش کی تو انہیں طاقت سے کچل دیا جائے گا، غیر ملکی میڈیا کے مطابق تہران میں پاسداران انقلاب کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ہونے والے صدارتی انتخاب کے بعد ملک بھرمیں پُرتشدد احتجاجی مظاہرے ہو سکتے ہیں، خامنہ ای نے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں پر زور دیا کہ وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران غیر فارسی اقوام سمیت اقلیتوں اور ان کے حقوق کی بات نہ کریں کیونکہ ایسا کرنا دشمن کے مفاد میں ہے ، یاد رہے کہ 2009 کے صدارتی انتخاب کے فوری بعد بھی ایران میں بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہوا تھا، اس الیکشن میں احمدی نژاد دوسری میعاد کیلئے ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے ، ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ ملک میں امن عامہ کا تحفظ حکومت کا اولین فرض ہے ، بد نظمی پھیلانے والے جانتے ہیں کہ وہ کامیاب نہیں ہو سکتے ، دشمن کی سازشوں کا مقصد ایران میں بد امنی پھیلانا ہے۔