اسلام کوٹ، آتشزدگی کے باعث پورا گاؤں جل کر خاکستر ہوگیا
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
تھرپارکر : اسلام کوٹ کے نواحی گاﺅں میں سہ پہر سے لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے جب کہ آتشزدگی کے باعث گاﺅں میں موجود 500 مکانات جل کر خاکستر ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق تھرپارکر میں اسلام کوٹ کے نواحی گاﺅں وکڑیو میں لگنے والی آگ پر 8 گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا ہے جب کہ آگ لگنے کے باعث پورا گاؤں جل کر رکھ کا ڈھیر بن گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام کوٹ میں فائرٹینڈر خراب پڑے ہیں اور آگ بجھانے کے آلات ناپید ہیں جس کے باعث علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ کی شدت پرقابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں آگ بجھانے والے 5 افراد بھی بری طرح جھلس گئے ہیں۔
ناکافی سہولیات کی وجہ سے پورا گاؤں دیکھتے ہی دیکھتے جل کر راکھ بن گیا جس کی زد میں 500 سے زائد مکان آ گئے اور درجنوں مویشی بھی ہلاک
ہو گئے جب کہ 5 افراد کی بری طرح جھلسنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب بے گھر ہونے والےسینکڑوں افراد کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں جب کہ متاثرین میں ادویات اور اشیائے خورد و نوش کی کمی کا شکار ہے لیکن تاحال کوئی بھی حکومتی فرد یا انتظامیہ مدد کے لیے نہیں پہنچے۔