ضلع رحیم یار خان میں 9رمضان بازار لگانے کا فیصلہ،
رحیم یار خان10 مئی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکتان نیوز وائس آف کینیڈا ) ضلع میں 9رمضان بازار لگانے کا فیصلہ، رحیم یار خان میں تین جبکہ دیگر تحصیلوں میں دو، دو رمضان بازار لگیں گے، فیئر پرائس شاپس اور مدنی دستر خوان بھی قائم کئے جائیں گے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ضلع جبکہ اسسٹنٹ کمشنر زاپنی تحصیلوں کے فوکل پرسن ہوں گے،ما ہ صیا م میں رمضان بازاروں کے انعقاد کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا کی متعلقہ افسران کو ہدایات۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں ابتدائی طبی امداد، پارکنگ، شکایات سیل، الیکٹرانک پرائس بورڈ، معذور و بزرگ افراد کے لئے علیحدہ انتظامات، خواتین ومرد کے لئے واش رومز سمیت دیگر سہولیات دستیاب ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ عوامی سہولت اور رمضان بازار وں کی کامیابی کے لئے رمضان بازار کی تعداد میں کمی و اضافہ سمیت مناسب جگہوں پر تبدیلی کے مکمل مجاز ہیںاس سلسلہ میں وہ اپنی تحصیلوں کی انجمن تاجران، سبزی و پھل مارکیٹ، انجمن قصاب سمیت دیگر کاروباری ایسوسی ایشنز کے ساتھ فوری مشاورتی میٹنگ کرکے انتظامات کو حتمی شکل دیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازار کے انعقاد میں تعاون کے لئے حکومت پنجا ب نے تمام ضلعی و میونسپل کمیٹی کے افسران و سٹاف کو ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ماتحت کر دیا ہے لہذا رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر ایک بہترین ٹیم ورک تشکیل دیں تاکہ باہمی مشاورت اور تعاون سے حکومت پنجا ب کے اقدامات سے عوام کو براہ راست مستفید ہونے میں آسانی رہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز کے افسران و ملازمین رمضان بازاروں میں صفائی، نکاسی آب او ردیگر ضروری انتظامات کریں گے جبکہ تمام دستیاب وسائل منصفانہ طور پر آپس میں تقسیم کریں گے جس میں اسسٹنٹ کمشنرز ضلع و میونسپل کمیٹی کو معاونت فراہم کریں گے جبکہ انتظامیہ نے بھی حکومت کی ہدایت پر رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی ضروریات بارے فوری آگاہ کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاراں میں لائیو سٹاک افسران گوشت پولٹری اور انڈوں کی ارزاں نرخوں پر معیاری فراہمی کے لئے متعلقہ ایسوسی ایشنز ، ڈی ایف سی اور ڈی او انڈسٹری آٹے اور چینی کی دستیابی کے لئے متعلقہ ایسوسی ایشنز سے میٹنگ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)جمیل احمد جمیل ضلع جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی تحصیلوں میں فوکل پرسن ہوں گے تمام اسسٹنٹ کمشنرز رمضان بازار میں سیکورٹی ، ٹر یفک پلان سمیت عوامی سہولت کی تمام ضروریات کی دستیابی کے لئے مائیکرو پلان تشکیل دیں جبکہ ضلع و تحصیل سطح پر قائم کنٹرول رومز سے رمضان بازار کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ رمضان سے قبل پرائس کنٹرو ل مجسٹریٹس متحرک ہوں اور مار کیٹ میں اشیاءروز مرہ کی قیمتوں کی کڑی مانیٹرنگ کریں کسی کو بھی اشیاءروز مرہ کی مصنوعی قلت کی اجازت نہ ہو گی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)محمد حنیف، اسسٹنٹ کمشنرز ڈاکٹر عدنان خان بھٹانی، احمد رضا، ڈی او انٹر پرائزز عمران غوث سمیت تمام میونسپل و ضلع کونسل کے چیف آفیسر اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔