خیبر پختونخوا جلد ترقی یافتہ ترین صوبہ بنے گا، عمران خان
پشاور (نیوز وی او سی، خبر ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا جلد ترقی یافتہ ترین صوبے کی حیثیت سے سامنے آئے گا۔ ملک بھر میں ادارے تیزی سے تباہ ہو رہے ہیں۔ جب نجم سیٹھی جیسے لوگ بالائی سطح پر بیٹھے ہوں تو ملک کیسے ترقی کرے گا؟ پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ایک دور تھا کہ پاکستان اسٹیل کا منافع 8 ارب روپے تھا۔ اب یہ 3 ارب روپے خسارے میں ہے ۔ کبھی پی آئی اے کا شمار دنیا کی پانچ بہترین ایئر لائنز میں ہوتا تھا۔ مگر اب لگتا ہے وہاں بھی نجم سیٹھی جیسا کوئی شخص بیٹھا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہہ انسان کو عزت اللہ کی طرف سے ملتی ہے ۔ عزت کبھی دولت سے خریدی نہیں جاسکتی۔ ترقی وہی لوگ کرتے ہیں جن کے ارادے پختہ ہوں۔ انسانیت کے لیے کچھ کر جانے والے ہی لوگوں کو یاد رہتے ہیں۔ ہمہ گیر ترقی کے لیے لازم ہے ی کہ ہمسایا ممالک سے تعلقات بہتر ہوں۔ کبھی تو بھارت، ایران اور افغانستان سے تعلقات بہتر ہوں گے ۔ ایسا ہونے ہی پر سرمایہ کاروں اور تجارت کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔