جامعہ الازہر کے وائس چانسلرکو عہدے سے بر طرف کردیا گیا
قاہرہ(نیوز وی او سی آن لائن) معروف یونیورسٹی جامعہ الازہر کے وائس چانسلر احمد حسنی کو برطرف کردیا گیا ہے ، ان پر ایک مسلم محقق کو مرتدکہنے کا الزام تھاغیر ملکی خبررساں ادارے رائٹر کے مطابق جامعہ الازہر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر احمد حسنی کو ایک متنازعہ مسلم محقق البہیری کو مرتدکہنے پر ان کے عہدے سے سبکدوش کر دیا گیا ہے۔ حسنی کو ان کے بیان پر جامعہ کی جانب سے معافی مانگنے کو کہا گیا تھا، جب کہ انہوں نے معافی مانگنے سے انکار کردیا تھا۔
واضح رہے کہ جامعہ الازہر کے وائس چانسلر احمدحسنی نے ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ البہیری نے اسلام کے مقرر کردہ قوانین کا انکار کیا۔ اپنے اس بیان پر احمد حسنی نے معافی طلب کرنے کے بعد یونورسٹی کی ویب سائٹ پر لکھا کہ البہیری سے متعلق سوال پر ان کا ردِ عمل غلط اور جامعہ کی پالیسی کے خلاف تھا۔جس بنیاد پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔