پاکستان

مہاجر نعرہ لگا کر مفاد پرستوں‌ نے نفرت بانٹی,ہم نے خون خرابے کی سیاست دفن کردی:مصطفیٰ کمال

ہمیں خلق خدا کی خدمت عبادت سمجھ کرکرنا ہے ،سیاست کرتے تو وہیں رہتے جہاں طاقت اور آسائش تھی، چیئرمین پی ایس پی

وطن کیلئے قربانیاں دینے والوں کی اولادیں پانی کو ترس رہی ہیں ،جلسے سے خطاب ،عوام کو ملین مارچ میں شرکت کی دعوت کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ مہاجر نام پر سیاست کی دکانیں کھولنے والے حکمرانوں نے زکوٰۃ ، فطرۃ، کھالیں، انسانی جانیں، مال و دولت سب کچھ لینے کے باوجودعوام کو صرف دھوکا دیا ہے ،مہاجر سیاست کا نعرہ لگا کر مفاد پرست سیاست دانوں نے دیگر قومیتوں میں مہاجروں کے خلاف نفرت بھر دی ہے جن لوگوں نے پاکستان بنانے کے لئے 3 نسلوں کی قربانیاں دیں وہ آج پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاؤن میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میں اگر مہاجر ہونے کے باوجود صرف مہاجروں کی بات کروں توہمارے لاکھوں سندھی، پختون، پنجابی، بلوچ بھائی کہاں جائیں گے ، ہم کسی کو کسی سے لڑانے نہیں آئے ،مہاجر سیاست کا نعرہ لگا کر مفاد پرست سیاست دانوں نے دیگر قومیتوں میں مہاجروں کے خلاف نفرت بھر دی تھی اور انہیں مہاجروں کا دشمن بنا دیا تھالیکن ہم نے مہاجروں کو تمام قومیتوں سے ملا دیا ہے ، آج ہر علاقے میں مہاجروں کو گلے سے لگایا جاتا ہے ، جن علاقوں میں نفرت اور تعصب کی سیاست کی وجہ سے مہاجروں کا جانا ممکن نہ تھا وہاں آج دیگر قومیتوں کے لوگ ہمارے جانے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہیں اور ہماری آواز سے آواز ملا کر ہماری اور اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پاک سر زمین پارٹی کا کوئی بھی کارکن ہتھیاروں کی سیاست نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاست نہیں خلق خدا کی خدمت کر کے عبادت کر رہے ہیں،اگرہمیں سیاست ہی کرنی ہوتی تو جہاں تھے وہیں رہتے وہاں طاقت اور تمام آسائشیں تھیں۔انہوں نے عوام کو ملین مارچ میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری بقائکا مسئلہ ہے ،جس طرح بخار کو ختم کرنے کے لیے انجیکشن کی چبھن برداشت کرتے ہیں اسی طرح ہمیں مسائل کے حل کے لئے تکلیف برداشت کرنی پڑے گی۔اس موقع پرسیدمصطفی کمال، انیس قائم خانی اور پاک سرزمین پارٹی کی قیادت کا اورنگی ٹان آمد پر عوام کی جانب سے پر تپاک استقبال کیا گیا،جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور شاندرا آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا،اس موقع پر سید مصطفی کمال ، انیس قائم خانی اور پاک سر زمین پارٹی کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ لاڑکانہ چل کے دیکھو سندھیوں کا پیپلز پارٹی نے کیا حشر کر رکھ ہے ،سندھیوں کا حال بھی مہاجروں کی طرح ہے ،انسان اور جانور ایک جگہ سے پانی پیتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button