پیمرا نے رمضان المبارک میں ٹی وی نشریات کیلئے ہدایات جاری کردیں
اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے رمضان المبارک کے دوران ٹی وی نشریات کے لئے نئی ہدایات جاری کردیں۔
پیمرا کی جانب سے جارہ کردہ 3 صفحات پر مشتمل ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کا احترام کرتے ہوئے فرقہ واریت کو فروغ دینے والے موضوعات پر گفتگو سے اجتناب کیا جائے اور پروگراموں میں مستند علم رکھنے والوں کو دین سے متعلق گفتگو کے لئے مدعو کیا جائے۔ پیمرا نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ ناظرین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری طور پر عمل ہوگا اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پیمرا نے ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران پروگرام ادارہ جاتی نگرانی کے بغیر یا محض زیادہ ریٹنگ کے حصول یا مالی فوائد حاصل کرنے کے لئے تشکیل نہ دیئے جائیں اور تفریحی یا کوئز پروگرام نشر کرنے کی اجازت رات 9 بجے کے بعد ہوگی۔ پیمرا کے ہدایت نامے کے مطابق پروگرامات میں انعامات اچھال کر دینے یا پھینک کر دینے کی ممانعت ہوگی اور کسی بھی پروگرام میں ڈانس یا گانے کی بھی ممانعت ہوگی۔
پیمرا کے ہدایت نامے کے مطابق ایسے پروگرام کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی جس میں نسل، ذات، قومیت، نسلی یا لسانی تعلق، رنگ ، مذہب، فرقہ، عمر ، ذہنی یا جسمانی معذوری پر نازیبا تبصروں کے ساتھ منافرت اور ہتک دکھائی جائے۔ تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر براہ راست پروگرام نشرکرنا ہو تو مؤثر تاخیری نظام نصب کیا جائے اور اگر نصب ہے تو اسے فعال بناتے ہوئے ایڈیٹوریل کنٹرول کو مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی قسم کا قابل اعتراض مواد نشر نہ ہوسکے۔