گرجاکھ کے علاقے میں جنرل سٹور لوٹنے والے ملزمان تین ساتھیوں سمیت گرفتار۔
گوجرانوالہ (3مئی)
بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا
گرجاکھ پولیس نے دس روز قبل مقامی جنرل سٹور لوٹنے والے ملزمان کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے لوٹی گئی رقم تیس ہزار روپے، تین پسٹل اور موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔ مرکزی ملزم علی شان عرف شانی کا تعلق ننکانہ صاحب سے ہے جو اقدام قتل اور رہزنی کے مقدمہ میں قبل ازیں بھی جیل رہ چکا ہے۔دیگرچار ملزمان یسین، سیف اللہ، راشد رشید اور علی حسن کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے جو رہزنی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔تفصیلات کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران ایس ایس پی آپریشنز محمد ندیم کھوکھر نے ایس پی ڈویژنز کو مناسب ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا۔ایس پی سٹی محمد عمران سیٹھی نے احکامات کے پیش نظر ایس ایچ او گرجاکھ عدنان شہزاد کی نگرانی میں اے ایس آئی افتخار احمد، انتظار حسین، علی قدیر و دیگران پر ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے حسب مخبری دوران گشت قبرستان علی جی ٹاؤن کے قریب واردات کی نیت سے بیٹھے ہوئے مسلح اور مشکوک اشخاص کو زیر حراست لے کر ابتدائی تفتیش عمل میں لائی۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ ڈکیتی واردات کی پلاننگ کر رہے تھے اور انہوں نے دس روز قبل گرجاکھ کے علاقے میں مشہور جنرل سٹورسے اپنے گینگ کے سربراہ علی شان کے ساتھ مل کر اسلحہ کے زور پر نقدی چھینی تھی۔علی شان نے مزید انکشاف کیا کہ اس کا والد قتل کے مقدمہ میں سزائے موت کا قیدی ہے ا ور وہ بھی ننکانہ صاحب میں اقدام قتل اور رہزنی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔جیل میں دوران قید اس کا رابطہ دیگر ساتھیوں سے ہوا جنہوں نے قتل و غارت اور ڈکیتی و رہزنی کی و ارداتوں کے لئے گینگ تشکیل دیا۔ تفتیش جاری ہے۔اہم انکشافات کی توقع ہے۔خطرناک ملزمان کی گرفتاری پر مدعی مقدمہ اور علاقے کے معززین نے پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ قائم مقام سٹی پولیس آفیسر محمد ندیم کھوکھر نے ایس ایچ او عدنان شہزاد،اے ایس آئی افتخار احمد اور ٹیم کے ممبران کو شاباش دی ہے۔