آپ کا بلڈ گروپ A,B یا ABہے تو بدقسمتی سے آپ کے لئے اچھی خبر نہیں
ایمسٹرڈیم (مانیٹرنگ ڈیسک)اگر آپ کا بلڈ گروپ A,B یا ABہے تو بدقسمتی سے آپ کے لئے اچھی خبر نہیں کیونکہ ایک تازہ ترین سائنسی تحقیق کے مطابق ان بلڈ گروپس والے افراد کو دل کے دورے کا خطرہ زیادہ ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق نیدلینڈز کے سائنسدانوں نے 13لاکھ افراد کے طبی ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد پتہ چلایا ہے کہ کچھ مخصوص بلڈ گروپس کو ہارٹ اٹیک کا خطرہ دوسرے گروپوں کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ بلڈ گروپ A,B اور AB والے افراد میں خون کو منجمد کرنے والی پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو کہ دل کی جانب خون کے بہاﺅ کو روک سکتی ہے۔ یہ تحقیق اس حوالے سے بھی پریشان کن ہے کہ بلڈ گروپ کے بارے میں کچھ بھی تبدیلی کرنا ممکن نہیں کیونکہ اس کا انحصار آپ کے جینز پر ہوتا ہے۔ اس کے باوجود ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ سگریٹ نوشی سے پرہیز کرتے ہیں اور مضر صحت غذاﺅں سے دور رہتے ہیں تو آپ دل کی بیماری کے خطرے کو بڑی حد تک کم کرسکتے ہیں۔
خالی پیٹ لہسن کھانے کے بعد آپ کے جسم میں کیا تبدیلی آتی ہے؟جان کر آپ کی حیرت کی انتہا نہ رہے گی
سائنسدانوں نے یہ بھی معلوم کیا کہ سب سے عام پائے جانے والے O بلڈ گروپ کے لوگوں میں سے ہر 1000 میں سے 14افراد کو ہارٹ اٹیک کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح بلڈ گروپ A,Bاور AB والے افراد میں ہر 1000 میں سے 15افراد کو ہارٹ اٹیک ہو سکتا ہے۔ دل کی دیگر بیماریاں بھی Oبلڈ گروپ کی نسبت A,B اور AB گروپ میں 0.2 فیصد زیادہ پائی گئیں۔ یونیورسٹی میڈیکل سنٹر گروننجن سے تعلق رکھنے والی سائنسدان ٹیسا کول نے اس تحقیق کی سربراہی کی، اور اس کے نتائج یورپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کانگریس میں پیش کئے گئے ہیں۔