سوہا علی خان قانون کے شکنجے میں
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے بعد اب سوہا علی خان کا نام بھی کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس میں شامل کرلیا گیا ہے۔
گزشتہ دو دہائیوں سے چلنے والے کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس میں مرکزی ملزم سلمان خان تھے لیکن اب بھارتی اداکار سیف علی خان کی بہن سوہا علی خان کا نام بھی اس کیس میں شامل کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق 1996 میں کم عمری میں سوہا علی خان نے اپنے نام لائسنس یافتہ اسلحہ ظاہر کیا تھا جس کے بعد اداکارہ کے خلاف شہری نے تفتیش کے لیے درخواست دی تھی جس پر عدالت نے پولیس کو سوہا علی خان کے اسلحہ لائسنس سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوہا علی خان نے اسلحہ لائسنس بنواتے وقت اپنی عمر چھپائی جو انڈین پینل کوٹ کی دفعہ 420 کے تحت قابل سزا جرم ہے جب کہ ان کے نام لائسنس یافتہ اسلحہ کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس میں پایا گیا ہے جس بنا پر اداکارہ کا نام کیس میں شامل کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان پر1998 میں ہندوؤں کے لیے مقدس مانے جانے والے کالے ہرن اور چنکارا ہرن کے غیر قانونی شکار کا الزام تھا جس میں انہیں 5 سال کی سزا بھی سنائی گئی تھی جسے راجستھان کی ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دیتے ہوئے اداکار کو بری کردیا تھا۔