بیسیوں وارداتوں میں ملوث ریاض عرف سیانا بین الاضلاعی ہاؤس رابری ڈکیت گینگ کے 05سرگرم ارکان گرفتار لاکھوں روپے برآمد
گوجرانوالہ (2مئی)
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
سی آئی اے پولیس نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپڈا ٹاؤن میں واقع کوٹھی میں د اخل ہو کر 72لاکھ روپے اور نظام پور سیالکوٹ روڈ پر واقعی کوٹھی میں داخل ہو کر 47لاکھ روپے نقدی ،طلائی زیورات، کار ، لائسنسی بندوق اور دیگر قیمتی سامان لوٹنے والے اور درجنوں وارداتوں میں ملوث اور پنجاب کے مختلف اضلاع کو مطلوب حاجی ریاض عرف سیانا بین الاضلاعی ہاؤس ر ابری ڈکیت کے پانچ ارکان گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے پانچ پسٹل اور 47لاکھ روپے برآمد کئے ہیں ۔گرفتار کئے گئے ملزمان میں حاجی ریاض عرف سیانا سکنہ لاہور (سرغنہ گینگ)، حافظ قیصر شہباز سکنہ شیخوپورہ، شبیر حسین سکنہ چنیوٹ، امین اور امجد ساکنان گوجرانوالہ شامل ہیں ۔ملزمان پنجاب کے مختلف اضلاع میں رہزنی اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں کر کے شہریوں کو کروڑوں روپے سے محروم کر چکے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران لوٹ مار کے ذریعے اودھم مچا رکھا تھا ۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے پنجاب بھر میں ریجن کی سطح پر مختلف ٹیمیں کام کر رہی تھیں ۔گوجرانوالہ میں قائم مقام سٹی پولیس آفیسر محمد ندیم کھوکھر کی ہدایات پر ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عبا س چدھڑ کی نگرانی میں اے ایس آئی خلیل اللہ کمبوہ، اے ایس آئی اورنگ زیب، ولی داد و دیگران پرملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے ملزمان کے طریقہ واردات کے سامنے رکھتے ہوئے ملزمان کے کوائف اکٹھے کئے۔سرگودھا، چناب نگر اور فیصل آباد جا کر جائے وقوعہ کا ملاحظہ کیا ۔ ملحقہ و دیگر اضلاع سے بھی ڈیٹا منگوایا گیا ۔مدعیان مقدمات سے مفید معلومات اکٹھی کی گئیں ۔ سی آر او کے ریکارڈ سے استفادہ کرتے ہوئے سائنٹیفک انداز میں تفتیش عمل میں لاتے ہوئے نامعلوم ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا ۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان کی نشاندہی پر وارداتوں میں استعمال ہونے والے پسٹل اور چھینے و لوٹے گئے 47لاکھ روپے برآمد کئے ۔ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اچھی لوکیشن والے ٹاؤن، سکیم یا کالونی میں گھوم پھر کر اچھے محل وقوع والے گھر کی ریکی کرتے اوررات کے وقت بیرونی دیوار پھلانگ کر داخل ہوتے ۔ ہال کی کھڑکی کا سریا کاٹ کر ایک ساتھی اندر داخل ہوتا اور کنڈی کھول کر دیگر ساتھیوں کو اندر بلواتا۔ اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو جاتے ۔ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ ان کے گروہ کے ارکان شالیمار ٹاؤن کی کوٹھی میں داخل ہوئے۔ اسلحہ کے زور پر خواتین سے زیورات اتروائے اور قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے۔چند ا قلعہ کے قریب گھر سے سات لاکھ روپے،چناب نگر چنیوٹ سے زیوارت، طلائی سیٹ، لیپ ٹاپ اور یو ایس ڈالر،محلہ دارلعلوم غربی سے کیمرہ، زیورات اور کار، محلہ دارالیمین وسطی سے دو لاکھ روپے اور زیوارت،جھنگ سے تین لاکھ روپے اور ایل ای ڈی معہ زیورات ، جھنگ روڈفیصل آباد سے دو لاکھ روپے اور زیورات، سیٹیلائیٹ ٹاؤن سرگودھا سے چار لاکھ روپے نقدی اور کار و زیورات ،سیٹیلائیٹ ٹاؤن فلٹریشن پلانٹ کے قریب سے کار، نقدی اور زیورات چھینے۔ملزمان نے تفتیشی ٹیم کو بتایا کہ وہ ہر واردات میں چھینی یا لوٹی گئی کار کو جائے واردات کے کچھ فاصلے پر چھوڑ جاتے تا کہ پکڑے نہ جائیں ۔ملزمان نہایت چالاک، ہوشیار اورسابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں ۔ملزمان کی گرفتاری پنجاب بھر کی پولیس کی لئے چیلنج تھی ۔ تشکیل دی گئی مختلف ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لئے متحرک تھیں ۔سی آئی اے پولیس گوجرانوالہ ملزمان کی سراغ براری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب ٹھہری۔اعلیٰ کارکردگی پر سماجی حلقوں نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ۔ مدعی مقدمات اور کاروباری حلقوں باالخصوص چیمبر آف کامرس کے اراکین نے بھی گینگ کی گرفتاری کو قابل ستائش قرار دیا ۔ قائم مقام سٹی پولیس آفیسر محمد ندیم کھوکھر نے بے مثال کارکردگی پر ڈی ایس پی سی آئی اے اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور پولیس ٹیم کے لئے پچاس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ۔