ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں، حمزہ شہباز نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگ لی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر فیصلہ8مئی تک محفوظ کر لیا ہے ،مسلم لیگ ن کے ایم این اے حمزہ شہباز نے الیکشن کمیشن سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر غیر مشروط معافی مانگ لی ہے جبکہ عمران خان کی جانب سے معاملہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے موخر کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ سوموار کے روزانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹسز کے اجرا پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے اور لیگی ایم این اے حمزہ شہباز اور عمران خان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر حمزہ شہباز نے الیکشن کمیشن سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر غیر مشروط معافی مانگ لی حمزہ شہباز کو این اے 63 جہلم اور پی پی 162وہاڑی میں پابندی کے باوجود جلسے اور ریلیاں نکالنے پر نوٹس جاری کیا گیا تھا جبکہ جہلم ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان کے وکیل نے جواب جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں کیسز زیر التوا ہیں انہوں نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کا معاملہ فیصلہ آنے تک موخر کیا جائے الیکشن کمیشن نے عمران خان اور حمزہ شہباز کے خلاف انتخابی خلاف ورزیوں پر فیصلہ 8مئی تک محفوظ کر لیا واضح رہے کہ عمران خان اور حمزہ شہباز کے خلاف الیکشن کمیشن کو ریٹرننگ افسران نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ بھجوائی تھی۔