بلوچستان کے وزیر خزانہ سردار اسلم بزنجو اپنے عہدے سے مستعفی
کوئٹہ(نیوز وی او سی آن لائن)وزیرخزانہ سردار اسلم بزنجو نے وزارت سے استعفیٰ دیدیا جبکہ وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے استعفیٰ تاحال منظور نہیں کیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی وزیر خزانہ وزراعت سردار اسلم بزنجو نے محکمہ خزانہ کے سیکرٹری و دیگر آفیسران سے تعلقات خراب ہونے کی بناء پر وزیر خزانہ کے قلمدان مستعفی ہو کر استعفیٰ وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بھجوادیا ، تاہم وزیرزراعت کے قلمدان بدستور ان کے ساتھ رہیں گے ۔وزیرخزانہ و زراعت سردار اسلم بزنجو نے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خزانہ کے سیکرٹری اور دیگر افسران میرے امور میں مداخلت کررہے ہیں اور وہ مجھے کام نہیں کرنے دے رہے ایسے صورتحال میں میرے لئے فرائض منصبی نبھانا مشکل ہوگیا تھا جس کے باعث میں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کو بھجوا دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے تاحال اس استعفیٰ قبول نہیں کیا ۔واضح رہے کہ سردار اسلم بزنجوکا تعلق نیشنل پارٹی سے ہے ۔