پاکستان

میاں صاحب کو نکالے جانے تک پیچھے لگے رہیں گے:آصف زرداری

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے آج وزیر اعظم نواز شریف پر وار کیے، انہوں نے کہا کہ میاں صاحب جب تک آپ کو نکالیں گے نہیں، ہم آپ کے پیچھے لگے رہیں گے،نوازشریف تم اپنے گھر نہیں کسی اور گھر جاؤ گے۔
شاہ جیونا،جھنگ میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے مشرف کو گھر بھیجا تھا، نواز شریف کو بھی بھیجیں گے، انہیں لانڈھی جیل میں کھانا بھیجنے کو بھی تیار ہیں،پاناما گیٹ میں یہی کرنا تھا تو اتنا وقت کیوں ضائع کیا ؟
آصف علی زرداری نے کہا کہ اس مرتبہ ہمیں پنجاب کا قلعہ فتح کرنا ہے، اس بار ہم نے شریفوں کو مٹانااور آر اوز کے الیکشن کو ایکسپوز کرنا ہے، ہم الیکشن نہیں ہارے، ہمیں آر اوز نے ہرایا ، ن لیگ نے لوگوں کے ساتھ کیا کیا، نہ بجلی دی نہ پانی، قرض دوگنا کردیا۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ سے کوئی کام نہیں ہوتا، عوام آپ سے نجات چاہتے ہیں،میاں صاحب کچھ تو حیا کریں، کچھ تو غریبوں پر رحم کریں،میاں صاحب یہ میرا پہلا جلسہ ہے آپ کے خلاف، ابھی تو عشق کی ابتدا ہوئی ہے، آگے آگے دیکھیے کیا ہوتا ہے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ یہاں تو میں مخدوم صاحب کی دعا لینے آیا ہوں،سب دوستوں کےساتھ مل کر ان کی دوا کرنے آیا ہوں،انشاءاللہ میں پورے پاکستان میں نکلوں گا،مخدوم صاحب میرے ساتھ ہوں گے، ہم پورے پنجاب کے دورے کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button