ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کی بہتری اور عوام کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بحال کرنے میں نئی سکول کونسلز پالیسی بنیادی کردار ادا کرے گی ۔(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس اف کینیڈا )
گوجرانوالہ 20اپریل:( )
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمدعامر جان نے کہا ہے کہ گورنمنٹ سکولوں میں نئی سکول کونسلز کی تشکیل کے لیے یکساں پالیسی آویزاں کر دی گئی ہے، پرائمری ، ماڈل پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں میں کونسل9ممبرز پرمشتمل ہو گی، ہائی اور ہائر سکینڈری سکولوں میں کونسل کے 11ممبرز ہونگے اے ای اوز پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سکول کونسلز کی تشکیل نو کے سلسلہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ نورش صباء ، سی ای او ایجوکیشن سرفراز گورائیہ ، ڈی ایم او امان اللہ ،اے سی وزیر آباد نورالعین، ڈی او سکینڈری میاں مقصود، پرنسپل کیو ڈی پی ایس گوجرانوالہ ، وزیر آباد اور دیگر شریک تھے ۔
ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کی بہتری اور عوام کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بحال کرنے میں نئی سکول کونسلز پالیسی بنیادی کردار ادا کرے گی ۔ سکول کونسلز کی تشکیل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا تا کہ معیار تعلیم کی بہتری میں دلچسپی رکھنے والے ممبرز کونسلز کا حصہ بنیں۔ پرائمری ، ماڈل پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں میں کونسل9ممبرز پرمشتمل ہو گی، کونسل کا 50فیصد والدین پر مشتمل ہو گا ا س کے علاوہ ہیڈ ٹیچر، نمبردار ، سابق سرکاری ملازم ۔ہائی اور ہائر سکینڈری سکولوں میں کونسل کے 11ممبرز ہونگے جس میں زیر تعلیم بچوں کے والدین، نمبردار، سابق سرکاری ملازم ، ریٹائرڈ ٹیچر ، مقامی مخیر شخصیت بھی کونسل کا حصہ ہو گی ۔ 232ہائی،17 ہائر سکینڈری، 96مڈل اور 418 پرائمری سکولوں میں سکول کونسل تشکیل دی جائے گی ۔ اے ای او کونسل کی تشکیل کے سلسلہ میں جنرل باڈی کے اجلاس کریں گے اورنئی پالیسی کے مطابق مقامی مساجد میں اعلانات کرائیں گے ۔
ڈی ایم او امان اللہ نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ ایجوکیشن پنجاب کی طرف سے احکامات موصول ہوئے ہیں کہ پرائمری، مڈل ، ہائی اور ہائر سکینڈری سکولوں میں نئے ٹوائلٹ بلاکس تعمیر کیے جائیں ۔ 1سو تعداد والے سکولوں میں 2ٹوائلٹس پر مشتمل ٹوائلٹ بلاک بنایا جائے گا ، 101سے 250تک 2ٹوائلٹ بلاک بنیں گے ،251سے 500تعداد والے سکولوں میں 6اور 500سے زائد طلبا و طالبات والے سکولوں میں 8ٹوائلٹ بلاکس بنائے جائیں گے جن کے لیے این ایس بی سے فنڈز فراہم کیے جائیں گے جو جلد حکومت محکمہ ایجوکیشن کو جاری کر دے گی ۔ایک ٹوائلٹ بلاک کی لاگت 1لاکھ روپیہ ہو گی جس میں دو ٹوائلٹ ہونگے ۔ضلع بھر میں1028مزید ٹوائلٹس کی ضرورت ہے ، موجودہ ٹوائلٹس کی تعداد 1249ہے۔
اجلاس میں ایجوکیٹرز کی بھرتی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امیدواروں سے اعتراضات کی وصولی کے لیے زمہ دار اور اچھی شہریت کے حامل عملہ کی تحریری طور پر ڈیوٹیاں لگائی جائیں جو اعتراضات وصول اور ا ن کا ریکارڈ بھی رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوتاہی اور کسی قسم کی بددیانتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ،افسران پورے مرحلے کی خود نگرانی کریں ۔
وزیر آباد اور نوشہرہ ورکاں قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکولز کی تحصیل برانچوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں اجلاس ہو ا جس میں ٹرانسپورٹ ، اساتذہ کی کارکردی اور دیگرمسائل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کے لیے درکار اقدامات کی ہدایت کی ۔