پاکستان

2018ء تک بچوں کے سکولوں میں 100 فیصد داخلہ کا ہدف حاصل کیا جائے گا:شہباز شریف

40ارب روپے کی لاگت سے 52ہزار سے زائد سکولو ں میں بنیادی سہولتیں،6ہزار سکولوں میں کمپیوٹر لیبز فراہم کی گئیں
87ہزارسے زائد بچوں کو بھٹوں سے نکال کر سکولو ں میں لایا گیا،2لاکھ 20ہزار اساتذہ بھرتی کئے گئے ، اجلاس سے خطاب لاہور ( سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں فروغ تعلیم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور جاری تعلیمی پروگراموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کریں گے ۔ پنجاب حکومت نے علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے میں بکھیرنے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔ 2018 تک بچوں کے سکولوں میں 100فیصد داخلہ کا ہدف حاصل کیا جائے گا اور حکومت کے تعلیمی پروگراموں کے باعث اب کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث سکولوں میں اساتذہ اور طلبا کی حاضری میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ 40ارب روپے کی لاگت سے 52ہزار سے زائد سکولو ں میں بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ مخدوش عمارتوں کی دوبارہ تعمیر پر 16ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں اوراربوں روپے کی لاگت سے سکولوں میں 36ہزار اضافی کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں اوران اضافی کمروں کی تعمیر سے طلبا وطالبات کو حصول تعلیم کے لئے بہترین سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ6ہزار سے زائد سکولوں میں کمپیوٹر لیبز فراہم کی گئی ہیں جبکہ طلبا وطالبات کو شفاف عمل کے ذریعے لاکھوں لیپ ٹاپ فراہم کئے گئے ہیں اور رواں برس لاکھوں مزید لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے جبکہ صوبے کے سکولوں میں ٹیبلٹ بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر سطح پر میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کو اپنایاہے ۔ 2لاکھ 20ہزار اساتذہ صرف اور صرف میرٹ کی بنیادپر بھرتی کئے گئے ہیں اوراس سا ل مزید 80ہزار اساتذہ بھرتی کئے جا رہے ہیں۔ سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو وظیفہ کی فراہمی کے پروگرام پر ہر سال 4ارب روپے سے زائد خرچ ہورہے ہیں ۔ 87ہزار سے زائد بچوں کو بھٹوں سے نکال کر سکولو ں میں لایا گیاہے ۔ پوزیشن ہولڈرز کو نقد انعامات کے علاوہ بیرون ممالک تعلیمی دوروں پر بھی بھجوایا جاتاہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button