بھارت بلوچ بھائیوں کو گمراہ کررہا ہے, پہاڑوں پر جانے والے انڈیا میں مسلمانوں کا حال دیکھ لیں:زرداری
مزاحمتی سیاست نے بلوچستان کو نقصان پہنچا یا ، اگر میں صدر نہ بنتا تو صوبوں سمیت پارلیمنٹ کو اختیار کیسے ملتے
مودی ہمارا پانی بندنہیں کرسکتا ، متبادل راستے ڈھونڈلئے ، ملک میں اب بھی مکمل جمہوریت نہیں،جعفر جمالی کی برسی پر خطاب جعفرآباد (نامہ نگار) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ مزاحمتی سیاست نے بلوچستان کو بہت نقصان پہنچا یا ، بہادری اور وفاداری کے لئے مشہور مر ی اور بگٹی قبیلے کے عوام کی حالت زار دیکھ کر تر س آتا ہے کہ بلوچستان سونا ہے ۔ میں نے بلوچستان کو اس لئے حقوق نہیں دئیے تھے کہ چند خاندان امیر ہوجائیں اور باقی قوم کو حقوق نہ مل سکیں جولوگ غلط کررہے ہیں انہیں بتانا چاہتاہوں کہ اب ایسے نہیں چلے گا،گمراہ دوست بھارت میں مسلمانوں کا حال دیکھ لیں، بنیا پانی بند نہیں کر سکتا ،بلوچستان میں بھارت ہمارے بھائیوں کو گمراہ کررہا ہے ۔سابق صدر آصف علی زرداری جعفرآباد کے علاقے کشمیر کوٹ میں تحریک آزادی کے رہنما میر جعفرخان جمالی کی 50ویں برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ آصف علی زرداری جب پنڈال میں پہنچے تو جمالی قبیلے کے سردار ہارون خان جمالی نے انہیں روایتی بلوچی پگڑی پہنائی ۔تقریب سے خطاب میں زرداری نے کہاکہ مجھے لوگ کہتے تھے کہ آپ نے وزیراعظم نہ بن کے غلط کیا لیکن میں جانتا ہوں کہ اگر میں صدر نہ بنتا تو صوبوں سمیت پارلیمنٹ کو اتنے اختیار کیسے ملتے ، اگر میں اپنے کسی بھائی کو صدر بنادیتا تو اسے بھی فرشتے ورغلاتے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان بھی مجھے اْسی طرح پیارا ہے جیسے پورا پاکستان پیارا ہے میں چاہتا ہوں کہ یہاں بھی ہرے بھرے کھیت لہلائیں یہاں پانی وافر مقدار میں موجود ہو اور مجھے موقع ملا تو میں کچھی کینال کا مسئلہ حل کروں گا ۔اقتدار میں آکر تمام واٹر کورسز اور کینالز کو پکاکرنے کے علاوہ ڈرپ ایری گیشن کا نظام لائیں گے جس سے پانی کی بچت ہوگی ۔ انہوں نے کہا بھارتی وزیر اعظم کہہ رہاہے کہ ہم پاکستان کا پانی بند کردیں گے لیکن اسے پتہ نہیں کہ ہم نے پانی کے لئے دوسرے راستے ڈھونڈ لئے ہیں اور اس راستے میں سب سے پہلا حصہ بلوچستان کا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں پہاڑوں پر چلے جانے والے لوگوں نے کیا فائدہ حاصل کیا ہمارے بھائی ،باپ ، بیٹے ، بزرگوں نے اپنی جانوں سے ہاتھ دھوئے سوائے نقصان کے کچھ حاصل نہیں ہوا، آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو سمجھائیں اور قومی دھارے میں شامل ہوجائیں، غلط سیاست کی وجہ سے غداری کا لیبل لگا نے کا موقع ملا اور بلوچستان ترقی نہ کرسکا ورنہ دیکھیں کہ آج بھارت میں مسلمانوں کی کیاحالت ہے ۔ کشمیر میں ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کی عزتیں لوٹی جارہی ہیں گوشت کھانے پر بھی اب عمرقید کی سزا ہے ۔ اس لئے پاکستان اور اس کی آزادی کی قدر کرو ۔ آصف زرداری نے کہا حکمرانوں کو معلوم نہیں کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کا منصوبہ ہے ،سی پیک پر کچھ لوگوں کو غلط فہمیاں ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہاڑوں پر چڑھ کر ہمارا ہی نقصان ہوا، ہمارے بھائی، بیٹے ، بھتیجے اور بزرگ مارے گئے اور قومیں تباہ ہوگئیں، وہ قومیں جنہیں ہم فخر سے دیکھا کرتے تھے ۔سابق صدر نے بلوچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا علاقہ ملک کا سب سے بڑا علاقہ ہے تاہم آپ اپنے آپ کو کیوں غلط استعمال ہونے دیتے ہیں؟انہوں نے کہاکہ آپ کے پاس ہر چیز موجود ہے ، اس کے علاوہ آپ کی زمین پاکستان کی سب سے زیادہ زرخیز زمین ہے ، صرف پانی کا استعمال صحیح کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بہت روشن ہے ۔ہمیں بلوچستان کے عوام کو پیپلز پارٹی کی چھتری تلے بچا بچا کر چلانا ہے ، ملک میں اب بھی مکمل جمہوریت نہیں ہے ۔