پاکستان

پاکستان میں دس دنوں میں دوسرے احمدی کوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا

منور علی شاہد
بیوروچیف جرمنی
پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آج ایک اور احمدی کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ لاہور کے ایک انتہائی بارونق علاقہ سکیم موڑ پر 68 سالہ ڈاکٹر اشفاق احمد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ۔پاکستان میں جماعت احمدیہ کے ترجمان سلیم الدین کی طرف سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا کہ کہ مرحوم اپنے پوتے اور ایک دوست کے ہمراہ جمعہ کی نماز کے لئے گھر سے نکلے تھے سبزہ زار سکیم موڑ پر گاڑی آہستہ ہونے پر ایک نامعلوم موٹر سائکل سوار جس نے ہملٹ پہنا ہوا تھا نے ڈاکٹر اشفاق کی کنپٹی پر فائر کیا جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ پریس ریلیز کے مطابق گاڑی میں سوار باقی دونوں افراد محفوظ رہے
پاکستان کے ترجمان سلیم الدین نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دس دنوں میں احمدی کی ٹارگٹ کلنگ کا دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل ننکانہ میں ایک معروف احمدی وکیل کو قتل کیا گیا تھا اور آج لاہور میں ایک ویٹرنری ڈاکٹر کو قتل کردیا گیا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے طول و عرض میں احمدیوں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی جا رہی ہے اور بیگناہ احمدی اس منافرانہ مہم کا نشانہ بن رہے ہیں ۔ ترجمان نے اس امر پر سخت افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ردالفساد آپریشن کے باوجود احمدیوں کا مسلسل قتل ہونا حکومت کی غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے اور اس کی وجہ نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف کوئی ایکشن نہ لینا ہے سلیم الدین نے حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ احمدیوں کے خلاف شرانگیز مہم چلانے والوں کے خلاف کاروائی کرے
یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ہی جماعت احمدیہ کی طرف سے سالانہ رپورٹ 2016 جاری کی گئی ہے جس میں دوران سال پاکستان میں احمدیوں کے خلاف ہونے والے امتیازی سلوک اور تشدد پر مبنی واقعات اور مقدمات کی تفصیل بیان کی گئی ہے گزشتہ سال چھ احمدیوں کو ان کے عقیدے کی بنیاد پر قتل کیا گیا تھا اس کے علاوہ پاکستان میں میڈیا بارے بھی ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں پاکستان کے قومی و مقامی اخبارات میں نفرت انگیز خبروں اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے کفر وقتل کے فتوں پر مبنی شرانگیز خبروں کی تفصیل بیان کی گئی ہے سالانہ رپورٹ کے مطابق لاہور پاکستان کے آٹھ قومی و مقامی اخبارات میں 1754 خبریں جبکہ 331 مضامین شائع ہوئے جن میں احمدیوں کے خلاف بے بنیاد اور شرانگیز پروپگنڈہ کیا گیا تھا منفی اور شرانگیز خبریں شائع کرنے میں روزنامہ اوصاف نے291 خبروں کے ساتھ اول جب کہ روزنامہ نوائے وقت اور ایکسپریس لاہور نے بالترتیب162اور152خبروں کے ساتھ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button