کرپشن کے خلاف روس کےعوام سڑکوں پر نکل آئے
روس میں عوام حکومت اور کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ،سو سے زائد شہروں میں احتجاج ، مظاہرین وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ۔ پولیس نے حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی سمیت سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا ۔ امریکا نے مذمت کرتے ہوئے گرفتار مظاہرین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
روسی دارالحکومت ماسکو اور سینٹ پیٹرس برگ شہر سمیت سو کے قریب شہروں میں ہزاروں افراد نے کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے میں شریک افراد روسی صدر پوٹن کے خلاف نعرے بھی لگارہے تھے اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن میں روسی رہنمائوں کو قیدیوں والے لباس میں دکھایا گیا تھا ۔
مظاہرین کرپشن کے الزامات پر وزیر اعظم دمتری میدویدیف سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ بھی کررہے تھے ۔ روسی وزیر اعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی آمدنی کے زیادہ اثاثے بنائے ہیں ۔
ادھر ماسکو میں پولیس نے کریک ڈائون کرتے ہوئے سیکڑوں مظاہرین کو حراست میں لے لیا ۔ جن میں ماسکو میں حزب اختلاف کے رہنما الیکسی نوالنی بھی شامل ہیں ۔ نوالنی نے ہی ماسکو میں احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا تھا۔
امریکی محکمہ خا رجہ کی جانب سے مظاہرین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ترجمان مارک ٹونر نے الیکسی نوالنی کی گرفتاری پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔