بھار ت نے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے سے صاف انکار کر دیا ، پاکستان نے اجازت دیدی
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن ) مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کا بھانڈہ پھوٹنے کے خوف میں مبتلا بھارت نے او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ وادی کا دورہ کرانے سے انکار کر دیا تاہم پاکستان نے انسانی حقوق کمیشن کو دورہ کرنے کی اجازت دیدی ہے جس کے بعد 8رکنی وفد کل (پیر ) کو اسلام آباد پہنچے گا ۔کمیشن پاکستان میں 3روز قیام کرے گا۔
بھارت نے نامساعد حالات کا بہانہ بنا کر اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ وادی کا دورہ کرانے سے صاف انکار کر دیا جبکہ پاکستان نے کمیشن کو بخوشی پاکستان کا دورہ کرانے کی اجازت دیدی ہے جس کے بعد بھارت کو اپنے مزموم عزائم کا خواب چکنا چور ہوتا نظر آرہا ہے ۔او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن نے آزاد کشمیر کے دورے کی خواہش ظاہر کی تو پاکستان نے کھلے دل سے خوش آمدید کہا جس کے بعد اسلامی ممالک کی تنظیم کا انسانی حقوق کمیشن پیر سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کمیشن اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف اور صدر پاکستان ممنون حسین کے ساتھ ساتھ مشیر خارجہ اور وزیر امور کشمیر سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ اسلامی ممالک کے ارکان پر مشتمل یہ کمیشن آزاد جموں کشمیر کا دورہ کرے گااور آزاد کشمیر میں مہاجر کیمپوں کا بھی جائزہ لے گا۔ اس دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔