پانامہ لیکس کا فیصلہ, عمران خان نے بڑا اعلان کردیا
اسلام آباد (اے این این، آن لائن) عمران خان نے کہاہے کہ پانامالیکس کا فیصلہ چند دنوں میں آرہا ہے ،نئے پاکستان کی نوید میں خود دوں گا، نیب مضبوط ہوتا تو زرداری اور نواز شریف گرفتار ہوتے، آئندہ الیکشن میں ساری جماعتیں بھی مل کر تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتی ۔ بیرون ملک پاکستانیوں سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ پاناما لیکس کیس کی صورت میں پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہورہی ہے ملکی تاریخ میں پہلے کبھی بھی طاقتور کا احتساب نہیں ہوا تھا لیکن اب حکمرانوں سمیت ملکی اداروں کا بھی ٹرائل ہو رہا ہے نوازشریف کی عدالت میں تلاشی ہورہی ہے جبکہ نیب اورایف بی آرکے سربراہ عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔پانامالیکس کا فیصلہ چند دنوں میں آرہا ہے اور نئے پاکستان کی نوید میں خود دوں گا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اداروں میں کرپٹ سربراہوں کی تقرری ہے اگر نیب مضبوط ہوتا تو نواز شریف اور آصف زرداری پکڑے جاتے ہم نے خیبرپختونخوا میں سفارش کلچر ختم اورپولیس میں سیاسی اثرو رسوخ ختم کرکے گورننس سسٹم ٹھیک کر دیا ہے۔ اب خیبرپختون خوا پولیس یورپی پولیس کا مقابلہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف پاکستان کی مضبوط ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے آئندہ انتخابات میں ساری جماعتیں مل کر بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکیں گی۔ دریں اثناءعمران خان نے ججز کی تنخواہیں اور مراعات سامنے لانے کا خیر مقدم کیا ہے اور تاکید کی ہے کہ دیگر اداروں کو بھی اس اقدام کی پیروی کرنی چاہیے تاکہ روشن پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے یہ باتیں عمران خان کی جانب سے ہفتے کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہی گئیں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے ججز کی تنخواہوں اور مراعات کی تفصیلات منظر عام پر لانے کا فیصلہ اس بات کا اعتراف ہے کہ احتساب بالادستی سطح سے ہی شروع کیا جاتا ہے اور جس معاشرے میں احتساب نہ ہو یا امتیازی احتساب کا نظام ہو تو وہ معاشرہ زوال کا شکار ہوکر مہذب بننے کی بجائے تاریخ کا حصہ بن جائے-