سعودی عرب ،عراق کے قرضے معاف اور پروازیں شروع کرنے کو تیار
سعودی عرب نے عراق کے واجب الادا قرضے معاف کرنے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان پروازیں شروع کرنے کی پیشکش کردی ہے۔
عرب ٹی وی نے عراقی حکومت کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے یہ پیشکش گزشتہ روز امریکی دار الحکومت واشنگٹن میں عراقی ہم منصب ابراہیم الجعفری کے ساتھ ملاقات کے دوران کی۔
انکا کہنا ہے کہ سعودی عرب عراق کے ساتھ نیک نیتی کے طور پر اپنے قرضوں کو معاف کرنے پر غور کررہاہے تاہم قرضوں کا حجم نہیں بتایاگیا، سعودی وزیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کی خاطر ریاض سے بغداد اور نجف کے لئے فضائی پروازیں شروع کرئیگا۔
اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ انکے ملک کو تعمیر نو اور دہشتگردوں سے مقابلے کے لئے مالی امداد کی سخت ضرورت ہے، انہوں نے سعودی پیشکش کا بھی خیر مقدم کیا۔