دانش تیمور کیساتھ فلم کیلئے اچھے کردار کی منتظر ہوں :عائزہ خان

کراچی (سٹاف رپورٹر) پیارے افضل اور صدقے تمہارے جیسے مقبول ڈراموں کے مصنف خلیل الرحمن قمر ،پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کا نیا ڈرامہ سیریل ’’محبت تم سے نفرت ہے ‘‘نجی ٹی وی پر اپریل میں ٹیلی کاسٹ ہوگا ڈرامے کی کاسٹ میں عمران عباس، عائزہ خان ، شہزادشیخ اور صبا فیصل مرکزی کردار ادا کریں گے ، ڈرامے کے ہدایتکار فاروق رند ہیں جو اس سے قبل گل رعنا اور بے شرم جیسے مقبول ڈرامے بنا چکے ہیں۔ اداکارہ عائزہ خان نے کہا کہ اس سیریل میں میرا کردار ناظرین کو پسند آئے گا۔ ایک وقت میں ایک سیریل کرنے کی منصوبہ بندی گھر پر توجہ دینے کے لئے بھی کی ہے ۔ عمران عباس اورمیری جوڑی ٹی وی ناظرین میں مقبولیت حاصل کررہی ہے ۔معیاری پروڈکشن سے ہمارے ڈراموں نے پڑوسی ملک میں بھی جگہ بنالی ہے ۔ فلموں میں فی الحال دانش تیمور مصروف ہے میں ان کے ساتھ اچھے کردار کی آفر کی منتظر ہوں۔ اداکار عمران عباس کا کہنا تھا کم وقت میں معیاری ڈراموں کا انتخاب کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا اس سیریل میں بھی ہماری جوڑی کو پسند کیا جائے گا۔