حکومت پنجاب عوام الناس کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ صحت میں جامع اصلاحات کررہی ہے
(بشیرباجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام الناس کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ صحت میں جامع اصلاحات کررہی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر دیہی و بنیادی مراکز صحت اور ہسپتالوں میں دی جانی والی طبی سہولتوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے اور شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن، حکومت پنجاب کے اعلیٰ حکام اورسیکرٹری صحت کے نمبرز بھی آویزاں کردیئے گئے ہیں جس کے ذریعے مریض اپنے علاج معالجے کے بارے میں کسی بھی مرحلے پر شکایت کرسکتے ہیں اور ان شکایات کا بروقت ازالہ بھی یقینی بنادیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے ٹی ایچ کیو ڈسکہ ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ اے سی ڈسکہ راؤ سہیل اور ایم ایس بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
کمشنر نے میڈیا کی جانب سے کئے گئے سوالات کا جواب دیتے کہاکہ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹی پرحاضری کو یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم لگا دیا گیا ہے اور ان کی موجودگی کی بارے ناصرف تمام متعلقہ حکام کو خود کار طریقے سے اطلاع مل جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ہسپتال میں مریضوں کو ادویات یا طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ ڈالے تو اس کے بارے میں متعلقہ حکام کو بتایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ان بے ضابطگیوں کے تدارک کا بھی یہی ایک طریقہ ہے کہ چیزوں کو پردے میں نہ رہنے دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ فرائض میں عدم دلچسپی، لاپروائی اور تساہل برتنے والے اہلکاروں کا محاسبہ کیا جائے گا اور ان پر سختی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا اداروں کو جاکر چیک کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہسپتال یا دیگر حکومتی سہولیات تک صرف رسائی چند لوگوں تک نہ ہو اور چیزیں اتنی بند نہ ہو کسی کو ان کا پتہ نہ چلے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ کے 25ڈی ایچ کیو اور 15ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی بہتری ( Revamping) کے پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، حافظ آباد ، نارروال اور منڈی بہاؤالدین کے ٹی ایچ کیو ہسپتال بھی شامل ہے انہوں نے کہاکہ جن ہسپتالوں کوRevamping میں شامل کیا گیا ہے وہاں پر جدید مشینری اور طبی آلات فراہم کئے جارہے ہیں اور ٹی ایچ کیو ڈسکہ بھی اس اسکیم میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں نئے بیڈز لگا دیئے گئے ان کی شیٹ کو روزانہ کی بنیاد پر تبدیل کرنے کیلئے لانڈری سسٹم کا اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ صفائی ستھرائی کی نظام کو آؤٹ سورس کیا گیا جس سے ہسپتالوں میں مثبت تبدیلی نظر آنا شروع ہوگی ہے ۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کے بیٹھنے کی معیاری نشستوں اور پینے کے صاف پانی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کے علاوہ واش رومز کو بھی اپ گریڈ کیا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتالوںں کو ویسٹ محفوظ طریقے اور بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ قبل ازیں کمشنر گوجرانوالہ نے ہسپتال کی ایمرجینسی ، لیبارٹری، او پی ڈی، چلڈرن وارڈ اور ڈسپنسری کا بھی معائنہ کیا ۔






