کے پی حکومت کا آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کے کچھ نکات پر تحفظات کا اظہار
خیبرپختونخوا حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے چند نکات پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کے کابینہ اجلاس میں قومی مالیاتی معاہدے کے بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے۔
ان کا کہنا تھا صوبائی کابینہ نے تحفظات وفاقی حکومت کو بھیجنے کی ہدایت کی ہے، تحفظات پر وفاقی حکومت کی وضاحت وزیراعلیٰ کےپی کو پیش کی جائےگی۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کےپی کابینہ نے آئی ایم ایف پیکج کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا ہے تاہم کچھ نکات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی گئی تھی۔
اس حوالے سے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹینا جارجیوا نے پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے ہی بنائے ہوئے معاشی اصلاحاتی پروگرام پر عمل کر رہا ہے جس سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے اور معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔