800سے زائد پتنگیں اور پتنگیں بنانے والا سامان برآمد۔ پتنگ بازی جان لیوا کھیل ہے۔قانون شکن عناصر کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی فلائٹ ایکٹ کے تحت کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وی او سی)
گوجرانوالہ (13اپریل )ایس ایس پی آپریشنز محمد ندیم کھوکھر کے احکاما ت کے پیشِ نظر تھانہ پیپلز کالونی پولیس نے کائٹ فلائنگ کے تحت کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 2پتنگ بازگرفتار کئے ہیں ۔گرفتار ہونے والوں میں محمدعاصم سکنہ بہاری کالونی اور محمدعمران سکنہ جناح کالونی شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے احکامات کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں فلائنگ ایکٹ کے تحت پتنگ اڑانے ،پتنگ اور ڈور کا سامان خریدنے یافروخت کرنے پر سخت پابندی ہے ۔شہریوں کو پتنگ بازی کے نقصانات سے بچانے کے لئے ایس ایس پی آپریشنز محمد ندیم کھوکھر نے ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے موثر کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی پیپلز کالونی رضا حسنین اعوان کی زیر نگرانی ایس ایچ او پیپلز کالونی انسپکٹرمحمد اکرم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ موثر کارروائی کے نتیجے میں دوپتنگ باز گرفتار کر کے ان کے قبضے سے آٹھ سو سے زائد پتنگیں اور پتنگ بازی کا سامان قبضہ میں لے کر انہیں جیل روانہ کیا ہے ۔اس موقع پرایس ایس پی آپریشنز محمد ندیم کھوکھر کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا کھیل ہے۔ کسی کو اس امر کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ شریف شہریوں کی جانوں سے کھیلے ۔انہوں نے تمام افسروں کو پابند کیا کہ پتنگ بازی کے قانون پرسختی سے عملدرآمدکروایا جائے اوربیٹ افسروں اور ایس ایچ اوز کو اس امر کی بابت کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔