70 واں جشن آزادی، آرمی چیف نے واہگہ پر ایشیا کا بلند پرچم لہرا دیا

لاہور/واہگہ 14 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پاکستان بھر میں 70 ویں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جشن آزادی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر ایشیا کاسب سے بلند پرچم بھی لہرا دیا۔
وطن عزیز کے 70ویں یوم آزادی پر پورے ملک میں جشن شروع ہوچکا ہے۔ آزادی کو قائم و دائم رکھنے کے لیے اور قوموں کی برادری میں ممتاز مقام حاصل کرنے کے لیے پاکستانیوں کا عزم قائم ہے۔جشن آزادی کے جوش و خروش میں اسی عزم کا اظہار نمایاں ہے۔
رات 12 بجتے ہی جنرل قمر جاوید باجوہ نے بارڈر پر بٹن دبا کر ایشیا کے سب سے بلند جھنڈے کی پرچم کی کشائی کی۔ واہگہ بارڈر پر لہرائے جانے والے سبز ہلالی پرچم کی بلندی 400 فٹ جبکہ اس کی لمبائی 120 فٹ اور چوڑائی 80 فٹ ہے۔ پرچم کے سب سے اوپری کنارے پر اللہ اکبر بھی کندہ ہے۔
اس موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
یوم آزادی کے حوالےسے مینار پاکستان پر بھی آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ ملتان میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں اور جشن آزادی پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی میں بحریہ فاؤنڈیشن کے تحت بحریہ ٹاؤن کراچی میں بھی بھرپور انداز میں جشن آزادی منایا گیا۔ چمن میں جشن آزادی کی تقاریب نے شہرمیں رونق میلا لگادیا جہاں ہر طرف نوجوان ڈھول کی تھاپ اور ملی نغموں پر رقص کررہے ہیںجبکہ شہر برقی قمقموں سے سجا ہوا ہے۔
چارسدہ میں جماعت اسلامی یوتھ ونگ کی جانب سے آزادی نائٹ کی تقریب منعقد کی گئی۔ پشاور میں بھی یوم آزادی منانے کی تیاریاں اس وقت عروج پر ہیںجہاں جناح پارک کے قریب جماعت اسلامی کی جانب سے آزادی کیک کاٹنےکی تقریب ہو ئی جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کیک کاٹا۔
جشن آزادی کے موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے بھی خصوصی ملی نغمہ جاری کیا گیا ہےجبکہ گانے کا ٹائٹل’سرخرو‘ ہے اور اس ملی نغمے کو بلال اشرف نے گایا ہے۔