70 سال سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ اب بدلنا ہوگا، نواز شریف
فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ اپنے اصولوں سے پیچھے ہٹنے والا نہیں بلکہ ہر سازش اور ظلم وناانصافی کا مقابلہ کروں گا جب کہ 70 سال سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ اب بدلنا ہوگا۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم پر مقدمہ 1962 سے چل رہا ہے جب میں اسکول میں تھا اورعمر صرف 12 سال تھی لیکن سمجھ نہیں آیا کہ کس بات پرمقدمہ چل رہا ہے، اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی تونکال کر باہرکردیا گیا۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ کیا یہ فیصلہ آپ کو منظور ہے،عوام بتائیں ان کا کیا فیصلہ ہے۔
نوازشریف نے اپنے خلاف مقدمات کی کارروائی قوم کوبراہ راست ٹی وی پردکھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف مقدمات جھوٹے ہیں آج تک ایمانداری سے کام کیا ہے، کرپشن،کک بیک اورکمیشن پرلعنت بھیجتا ہوں جب کہ مقدمات براہ راست دکھانے سے قوم کوحقائق پتا چل جائیں گے اور عوام بھی گواہ رہیں کہ اس مقدمے میں ہے کیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں اور چند افراد کوپاکستان پر اجارہ داری قائم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جب کہ اپنے اصولوں سے پیچھے ہٹنے والا نہیں بلکہ ہر سازش اور ظلم وناانصافی کا مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا ادھر مجھے نکالا گیا ، ادھر لاکھوں لوگوں نے جی ٹی روڈ پر استقبال کیا جب کہ 70 سال سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ اب بدلنا ہوگا۔