*میٹا پلیٹ فارمز صارفین کی تعداد زیادہ ہونے سے سست روی کا شکار ہوئے، پی ٹی اے نے مارکیٹ میں نیا شوشہ چھوڑ دیا*
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ فیس بک سمیت دیگر میٹا پلیٹ فارمز کی سست روی کی وجہ صارفین کی زیادہ تعداد ہونا ہے۔
انٹرنیٹ میں خلل کے باعث سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کی سست روی پر پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے انوکھی منطق پیش کردی جس میں کہا گیا ہےکہ میٹا پلیٹ فارمز سب سے زیادہ صارفین ہونے کے باعث سست روی کا شکار ہوئے۔
حال ہی میں پارلیمنٹ کو فراہم کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیٹ میں خلل سے میٹا ایپلی کیشنز فیس بک اور واٹس ایپ کی سروسز زیادہ متاثر ہوئیں جب کہ ان کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس کم متاثر ہوئے۔
پی ٹی اے کے مطابق میٹا ایپلی کیشن فیس بک کے پاکستان میں 50 ملین (5 کروڑ) صارفین ہیں جب کہ واٹس ایپ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی رئیل ٹائم ایپلی کیشن ہے۔
پی ٹی اےکے مطابق صارفین کو مطلع کیا گیا کہ رش کے گھنٹوں میں انٹرنیٹ سست رہے گا جب کہ ٹیلی کام آپریٹرز نے فوری طور پر ٹریفک کو متبادل روٹس پر منتقل کیا۔
حکام نے بتایا کہ اگست میں پی ٹی اے کو واٹس ایپ سروسز متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد ٹیلی کام آپریٹرز کو فوری طور پر مسئلے کے حل کی ہدایت دی گئی۔
پی ٹی اے نے دعویٰ کیا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں واٹس ایپ اور فیس بُک کی سست روی کا مسئلہ حل ہوگیا جب کہ سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو فور ٹھیک ہونے سے صورتحال نارمل ہوجائے گی۔