پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے جل تھل ایک کردیا جبکہ بارش کے باعث وفاقی دارالحکومت میں درجنوں فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گجرات اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش چکلالہ کے مقام پر 124 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ بوکرہ میں 114 ملی میٹربارش ہوئی۔
ادھر آزاد کشمیر کے علاقے ضلع باغ، بھمبر، سماہنی اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نکیال آزاد کشمیر شہر اور گردونواح میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، مالا کنڈ اور آس پاس کے علاقوں میں بارش سے خنکی کا احساس بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج لاہور، فیصل آباد، پشاور، مانسہرہ اور نوشہرہ سمیت پنجاب اور کے پی کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ سندھ کے علاقے تھرپارکر اور گردو نواح میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان آئیسکو نے بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے بعد 40 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوئے جس کے سبب مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
*تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے*