کراچی دورo انگلینڈ کیلئے پاکستانی کرکٹرز کی سخت ترین ٹریننگ شروع ہوگئی، لاہور میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے پہلے دن اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی فٹنس ٹیسٹ دیتے ہوئے الٹیاں کرنے لگے اور گرائونڈ کے چکر مکمل نہ کرسکے۔ نوابشاہ سے تعلق رکھنے والے31سالہ کاشف بھٹی نے سوئی سدرن کی جانب سے 49فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق کاشف بھٹی نے گرم موسم میں گرائونڈ کے چکر لگانا شروع کئے لیکن آخری چکر میں بھاگتے ہوئے ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ انہوں نے رک کر الٹیاں شروع کردیں جس کے بعد انہوں نے آخری رائونڈ مکمل نہیں کیا۔ تاہم کاشف بھٹی نے شام کے سیشن میں بولنگ کرائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طریقہ کار کے مطابق کھلاڑیوں کو9منٹ میں گرائونڈ کے پانچ چکر لگانا ہوتے ہیں۔ کاشف بھٹی پانچواں چکر مکمل نہ کرسکے۔ کاشف بھٹی کیلئے ابھی سب سے بڑی آزمائش باقی ہے جب وہ فٹنس ٹیسٹ میں سب سے مشکل مرحلہ یویو ٹیسٹ عبور کرینگے۔ یویو ٹیسٹ میں سپر فٹ کھلاڑیوں کی بھی زبان باہر آجاتی ہے۔ کاشف بھٹی سپر فٹ کھلاڑی نہیں مانے جاتے، وہ پاکستان ٹیم تک رسائی کیلئے بھی فٹنس ٹیسٹ کے پہلی بڑی رکاوٹ عبور نہ کرسکے جس کے بعد مکی آرتھر کو مطمئن کرنا ان کیلئے بڑی آزمائش ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ونر لیگ اسپنر یاسر شاہ کے ان فٹ ہونے کے بعد نوجوان شاداب خان ٹیم میں شمولیت کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ شاداب خان نے بارباڈوس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا واحد ٹیسٹ کھیلا تھا جس میں انھوں نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ شاداب خان کے ساتھ ضرورت پڑنے پر اظہر علی اور حارث سہیل کو اسپنر کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اوپننگ پوزیشن کیلئے اظہر علی کے ساتھ فخر زمان اور امام الحق کے حق میں فیصلہ ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ سمیع اسلم ممکنہ طور پر لندن کی فلائٹ مس کرجائینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوبی ایل اور کراچی کے بیٹسمین سعد علی پاکستانی ٹیم میں شمولیت کے مضبوط امیدوار ہیں جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم کے مستقل رکن فہیم اشرف ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔ فاسٹ بولنگ میں محمد عامر، محمد عباس، حسن علی، راحت علی اور میر حمزہ شمولیت کے مضبوط امیدوار ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عامر فوڈ پوائزنگ کی وجہ سے کیمپ کے پہلے دن شریک نہ ہوسکے۔ توقع ہے کہ 15اپریل کو پاکستان کی 16رکنی ٹیم کا انتخاب کیا جائیگا۔ بدھ کو کیمپ میں پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے درمیان مشاروت ہوئی۔ سلیکٹرز وسیم حیدر، توصیف احمد اور وجاہت اللہ واسطی بھی لاہور میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ 32سال کی عمر میںفواد عالم نے یویو ٹیسٹ میں 19کا متاثر کن اسکور حاصل کر کے سب کو حیران کردیا۔ کپتان سرفراز احمد نے 17.4اسکور کیا جبکہ 25سالہ نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 21اسکور کے ساتھ سرفہرست رہے اور اسد شفیق کا 20 اسکور کے ساتھ دوسرا نمبر رہا۔
With News Voice of Canada
Subscribe to our mailing list to get the new updates!
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur.
Related Articles
Check Also
Close