نئی دہلی (نیوز وی او سی آن لائن) پریانکا چوپڑا بالی ووڈ کی چند کامیاب اداکاراﺅں میں سے ایک ہیں جو ہالی ووڈ میں بھی اپنے حسن کے جلوے بکھیر رہی ہیں۔وہ واحد بھارتی خاتون ہیں جنہیں فوربز انڈیا میگزین نے ٹاپ ٹین لسٹ آف سلیبریٹز 2017ءمیں کیا گیا ہے اور ایک اندازے کے مطابق ان کی سالانہ کمائی 68 کروڑ روپے ہے۔
اس وقت بہت سے لوگ حیران پریشان رہ گئے جب یہ خبریں منظرعام پر آئیں کہ پریانکا چوپڑا ”زی سینی ایوارڈز“ کی تقریب میں 5 منٹ کی پرفارمنس کیلئے 5 کروڑ روپے لیں گی تاہم اب پریانکا چوپڑا بھی اس معاملے پر میدان میں آ گئی ہیں اور اس کی تردید تو نہیں کی البتہ صحافی کو ایسا جواب دیا کہ اسے لاجواب کر دیا۔
پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر بحث مزاحیہ ہے کیونکہ بالی ووڈ کے اداکاروں سے کوئی یہ سوال نہیں کرتا جنہیں ملنے والے چیکوں میں ’صفر‘ کی تعداد مضحکہ خیز حد تک زیادہ ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا ”ایسا نہیں کہ مجھے کوئی کار چاہئے یا مجھے ملنے والے چیک میں صفر کی تعداد زیادہ ہو بلکہ میرے لئے یہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔“
جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ انہیں ملنے والے چیک میں صفر کی تعداد ان کیلئے کوئی معنی رکھتی ہے یا نہیں تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”ہاں۔ کیونکہ میں ان کیلئے بہت سخت محنت کرتی ہوں۔ اور میں سونے کا چمچہ لے کر پیدا نہیں ہوئی، اگرچہ میرے والدین نے ہمیشہ میری خواہشات پوری کیں۔ میں آج جس مقام پر ہوں، یہاں پہنچنے کیلئے بہت سخت محنت کی ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ ہم سب کو معاوضہ ملنا چاہئے۔“
انہوں نے اس پورے معاملے پر بحث کو مضحکہ خیز بھی قرار دیا اور کہا کہ ”یہ بہت مضحکہ خیز ہے کہ بہت سے لوگ اس پر بحث کر رہے ہیں کہ میں کتنے منٹ کا کتنا معاوضہ لیتی ہوں۔ لڑکوں سے یہ سوال کبھی نہیں پوچھا جاتا حالانکہ ان کے ’صفر‘ کی تعداد مضحکہ خیز ہوتی ہے۔ کیا آپ نے ان کے چیکوں میں موجود ’صفر‘ کی تعداد بھی دیکھی ہے؟ ہمیں تو اس بات پر خوش ہونا چاہئے کہ چلو کم از کم ایک لڑکی تو ہے جو یہاں تک پہنچی ہے۔“