پاکستان

2018ء کے شروع میں توانائی منصوبوں کی تکمیل سے اندھیرے ختم, شہباز شریف –

نوازشریف کی قیادت میں ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے ،عمران خان کو قرضے ہڑپ کرنیوالے اور قبضہ مافیا کیوں نظر نہیں آتا؟

حکومت اظہار رائے کی آزادی کوجمہوریت کالازمی حصہ سمجھتی ہے ،گفتگو ، وزیراعلیٰ کی سلمان رفیق کی رہائشگاہ جاکر عیادت لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے اور ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے ۔2018 کے اوائل میں توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے ، حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں،کوئی مخالف بھی ہمارے شفاف ترین منصوبوں پر انگلی نہیں اٹھا سکتاجبکہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے دور میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے ، آج کرپشن کیخلاف باتیں کرنیوالوں کے دائیں بائیں وہ افراد کھڑے ہیں جنہو ں نے اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے اور لاہور کے اطراف میں اربوں روپے کی زمینوں پر قبضے کئے وہ کس منہ سے کرپشن کیخلاف واویلا کرتے ہیں ان کا شور ’’چور مچائے شور‘‘ کے مترادف ہے ، عمران خان کو قرضے ہڑپ کرنے والے اور قبضہ مافیا کیوں نظر نہیں آتا؟ ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں پہلے بھی ناکام رہیں اور یہ عناصرعام آدمی کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے سفر کو روکنے میں آئندہ بھی ناکام رہیں گے ۔ مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا توانائی بحران کے خاتمے سے تعلیمی ادارے ،ہسپتال اورملک کاقریہ قریہ روشن ہوگا،زراعت ترقی کرے گی۔ حکومتی پالیسیوں کے باعث معیشت مضبوط ہورہی ہے ،روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا عوام کی فلاح و بہبود کے شاندارمنصوبوں کیخلاف پاکستان کی ترقی کے دشمن واویلا کر رہے ہیں3600میگاواٹ کے 3 گیس پاور پراجیکٹس 27 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہے ہیں اور رواں برس ان منصوبوں سے بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا بے بنیاد الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلودہ گریبان میں جھانکیں،باشعور عوام جان چکے ہیں کہ شکست خوردہ عناصر کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔انہوں نے کہا قومی دولت کو دونوں ہاتھوں سے بے دردی سے لوٹنے والوں اوراربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کاکڑا احتساب کرنا ہوگااوراس بے لاگ احتساب سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔وزیر اعلیٰ نے ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے موقع پراپنے پیغام میں کہا صحافت رائے عامہ کی تشکیل اور قومی شعوراجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے آزاد صحافت کا جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی پاسداری میں اہم کردار ہے کسی بھی ملک میں معاشی ترقی میں میڈیا کا کردار کلیدی ہوتا ہے صحافت ایک ایسامقدس پیشہ جو حق کے حصول کیلئے آواز اٹھاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت ملک کو کرپشن، لاقانونیت اور دہشتگردی سے چھٹکارا دلانے میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔ حکومت اظہار رائے کی آزادی کوجمہوریت کالازمی حصہ سمجھتی ہے اوراظہاررائے کی آزادی کی افادیت اور ضرورت پر مکمل یقین رکھتی ہے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی رہائشگاہ گئے ۔ وزیراعلیٰ نے خواجہ سلمان رفیق کی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے سلمان رفیق کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اوران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے خواجہ سلمان رفیق کو گلدستہ دیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button