2018ء الیکشن کو معمول کا الیکشن نہ سمجھا جائے، خورشید شاہ
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 2018ء کے الیکشن کو معمول کا الیکشن نہ سمجھا جائے، یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کو مستحکم بھی کرسکتا ہے اور کمزور بھی، اگر کہیں کسی نے غلطی کرکے کوئی شرارت کردی اور الیکشن کو متنازع بنایا تو خطرناک بات ہوگی ۔
پیپلزپارٹی کےرہنماخورشیدشاہ نے سکھر میں عیدملن استقبالیہ سےخطاب کرتےہوئےکہاکہ سندھو دیش کی تحریک اوربلوچستان علیحدگی کی تحریک کوشہید بھٹو نے ناکام بنایا، غلطیوں کی وجہ سے آدھاپاکستان الگ ہوا، اب ہمیں موجودہ پاکستان کی حفاظت کرناہوگی، موجودہ الیکشن ملک کیلئے بہت اہم ہے۔
خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے جب بھی ان کی باتوں پر عمل کیا بچ گئے لیکن جب نہیں مانے تو پھنس گئے۔
ادھر روہڑی میں پسند کی شادی کرنے پر تین افراد کے قتل کے خلاف لواحقین نے قومی شاہراہ روہڑی ٹول پلازہ پر لاشیں رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے وہاں پہنچ کر مظاہرین سے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے، انصاف کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا ۔