17 سی پیک منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا، شہبازشریف
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سال نو كی آمد پراہل وطن كو مباركباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2016 پاكستان اورپاكستانی قوم كے لیے كامیابیوں اور كامرانیوں كا سال ثابت ہوا ہے جب کہ 2017 سی پیک منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا۔
سال نو پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ برس پاكستان نے كئی شعبوں میں نمایاں كاركردگی دكھائی، دہشت گردی كے خلاف جنگ میں كامیابیوں كے ساتھ معاشی استحكام كو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا، اسی طرح كرپشن كے خلاف زیرو ٹالرنس كی پالیسی كے نتیجہ خیز اقدامات كے مثبت نتائج سامنے آئے اور پاكستان میں كرپشن كی شرح میں خاطرخواہ كمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے كہا كہ شفافیت، رفتار اور معیار كے ساتھ منصوبوں كو آگے بڑھا كر قوم كے اربوں روپے كے وسائل بچانے كی شاندار مثال قائم كی گئی جب كہ ہمارے انتہائی مخلص اور بااعتماد دوست چین كی جانب سے دیئے گئے عظیم الشان اقتصادی پیكج پر عملدرآمد سے پاكستان معاشی وسماجی طور پر مضبوط ہو رہا ہے اور سی پیك پاكستان کے لیے حقیقی معنوں میں گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے،2017 سی پیك كے منصوبوں كی تكمیل كا سال ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسكری قیادت نے مل كر2016 میں مستحكم، پرامن، محفوظ اور معاشی طو رپر مضبوط پاكستان كی بنیاد ركھی ہے اور قوم كے غیرمتزلزل عزم اور اتحاد سے دہشت گردی كے خلاف جنگ میں شاندار كامیابیاں حاصل ہوئیں، آج كا پاكستان گزشتہ برس كے مقابلے میں زیادہ مضبوط، پر امن اور ترقی یافتہ ہے۔ شہبازشریف نے كہا كہ 2017 پاكستان كی ترقی، خوشحالی، معیشت كی مضبوطی اور ترقیاتی منصوبوں كی تكمیل كا سال ہے، توانائی منصوبے مكمل ہوں گے اور ملك سے اندھیرے چھٹ جائیں گے، نیا سال روشن مستقبل، مضبوط معیشت، ترقی كی نوید اور امید بن كر طلوع ہوگا۔