1ہزار5سو30مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا گیا
سیالکوٹ ”کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ پرائم منسٹر گلوبل سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز ایچومنٹ پروگرام کے تحت فیز iمیں گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں 1ہزار5سو30مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا گیا جن کی تکمیل پر مجموعی طور 4ارب38کروڑ روپے خرچ ہونگے ان منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے منصوبوں کی مائیکرو لیول تک نگرانی کی جائے گی ۔ یہ بات انہوں نے آج ڈی سی کمیٹی روم سیالکوٹ میں پرائم منسٹرایس ڈی جی پروگرام کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کر جائزہ لینے کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ /لوکل گورنمنٹ عبدالحمید قاسم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میثم عباس، ایس ای بلڈنگ گوجرانوالہ ساجد امین، اے سی سیالکوٹ شاہد عباس، اے سی سمبڑیال توقیر الیاس چیمہ، ایکسیئن ہائی وے محمد اشرف، ایکسئین لوکل گورنمنٹ محمد مسلم،ڈائریکٹر واسامقصود احمد رانا، سی او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر جاوید ورائچ اور ڈی آئی او منور حسین کے علاو ہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ، گیپکواور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے مقامی حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف نے کہاکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ پرائم منسٹر ایس ڈی جی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کو رواں مالی سال میں ہی مکمل کریں اور اس امر کو یقینی بنانے کیلئے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور منصوبوں کی ٹائم لائن کے مطابق ٹینڈرنگ کی جائے اور ورک آرڈر کے اجراء میں ہر گز تاخیر نہ کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ مفاد عامہ میں ان منصوبوں کو جلد ازجلد پایہء تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام الناس ان سے بھرپور استفادہ حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے محکمہ تعمیرات ، شاہرات ، گیپکو اور واسا حکام کو بھی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنانے اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور افسران کام کی معیار کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبے کے معیار اور رفتار پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کا محاسبہ کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ گوجرانوالہ عبدالحمید قاسم نے بتایاکہ پرائم منسٹر ایس ڈی جی پروگرام کے فیز iiمیں گوجرانوالہ ڈویژن تمام اضلاع سے مزید 505ترقیاتی اسکیموں کوشامل کیا گیا ہے ان منصوبوں کی تکمیل کا تخمینہ 1ارب25کروڑ روپے لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ فیز iiمیں گوجرانوالہ کی 128، گجرات کی 28، حافظ آباد کی 170، منڈی بہاؤالدین کی 13،نارووال کی 44اور سیالکوٹ کی 134اسکیمیں رکھی گئی ہیں ان منصوبوں کی متعلقہ ڈسٹرکٹ کی ڈی ڈی سی ہوچکی ہے ۔
بعد ازاں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف نے ضلع سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور گوجرانوالہ سیالکوٹ روڈ سمیت ضلع کے دیگر سڑکوں کی صفائی ستھرائی، دیکھ بھال اور مرمت کیلئے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی پر توجہ نہ دینے سے یہ اپنی مدت سے قبل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں اور قومی سرمایہ کے زیاں کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ کمشنر گوجرانوالہ نے سمبڑیال کے دیہات دھلم اور بلگن کے باسیوں کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے واٹر سپلائی کی اسکیم تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ان دیہات میں لگے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی دیکھ بھال کا مناسب انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے محکمہ صحت اور تحصیل سمبڑیال کی مقامی انتظامیہ کی جانب سے دھلم بلگن کے ہیپاٹائٹس سروے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت کہ ان 2دیہات کی تمام باسیوں کی ہیپاٹائٹس بی اور سی کی مکمل سکریننگ کرکے انہیں رپورٹ بھجوائی جائے اور یہاں پر تھرڈ پارٹی ایلوایشن بھی کرائی جائے ۔
محمد ندیم بیورو چیف گوجرانوالہ ڈویژن راز نیوز پاک نیوز شفق انٹر نیشنل نیوز پیر روز نامہ اپنا اخبار صدر گوجرانوالہ ڈویژن آل پاکستان میڈیا کونسل