یکم جولائی سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے سمارٹ کارڈ کے اجراء اعلان
راولپنڈی: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے یکم جولائی سے گاڑیوں کی رجسٹریشن پر سمارٹ کارڈ کے اجراء کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے ۔ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ سمارٹ کارڈ کے اجراء کی تاریخیں دی گئیں مگر معاملہ عدالت میں چلے جانے کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا تھا، پہلے یکم جولائی 2017ء کی تاریخ دی گئی پھر یکم جنوری 2018ء کی تاریخ دی گئی ، سمارٹ کارڈ کے اجراء کے منصوبے کے پیش نظر ایکسائز دفاتر کی موٹر برانچز میں رجسٹریشن بکس اور اسٹکرز کی نایابی کی شکایات میں آئے روز اضافہ ہی دیکھنے کو ملتا ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کی فائلیں ایک ماہ سے زیادہ عرصہ دفاتر میں ہی پڑی رہتی ہیں حالانکہ دعوے تو کئے جاتے ہیں دو تین روز میں شہریوں کو گاڑیوں کی رجسٹریشن یا پھر ٹرانسفر کا پراسس مکمل ہو جاتا ہے مگر آج کل اس کے برعکس ہو رہا ہے شہری گاڑیوں کی رجسٹریشن یا ٹرانسفر کا کیس جمع کروانے کے بعد ایک ایک ماہ دفاتر کا چکر لگاتے رہتے ہیں پھر بھی انہیں بکس نہیں ملتیں، اس حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کا کہنا تھا کہ سمارٹ کارڈ کا معاملہ عدالت میں چلے جانے کی وجہ بکس اور سٹکرز کی قلت کا معاملہ درپیش ہے۔ اگر سمارٹ کارڈ کا اجرا شروع ہو جاتا تو بکس اور سٹکرز کا کام مکمل طور پر ختم ہو جاتا ۔ سٹکرز اور بکس کا میٹریل جرمنی سے آتا ہے اس لئے اس میں تاخیر ہو جاتی ہے۔