یوم آزادی کی تقریب 17 سال بعد پھر پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی

اسلام آباد 14 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 17 برس کے طویل وقفے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں یوم آزادی کی تقریب کے انعقاد کی منظوری دےدی، چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے وزیراعظم کو تجویز بجھوائی تھی۔
سینیٹ حکام کےمطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین سینیٹ کو یوم آزادی کی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس منتقل کرنے کی منظوری سے آگاہ کردیاہے۔ کیبنیٹ ڈویژن نے شرکا کے لئے پاسز اور میڈیا کو دعوت نامے ارسال کرنے سمیت تقریب کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ رضا ربانی نے صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کو پارلیمنٹ ہاؤس میں یادگار جمہوریت پر پھول چڑھانے کی دعوت بھی دی ہے۔ تقریب پارلیمنٹ ہاؤس میں 14 اگست کو پرچم کشائی سے پہلے منعقد کی جائے گی۔ خیال رہےکہ اس قبل یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آبادمیں منعقدکی جاتی تھی۔ چیئرمین سینیٹ نے وزیراعطم کو ایک خط میں اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے لکھا تھا کہ گزشتہ جمہوری ادوار میں پرچم کشائی کی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطےمیں منعقد کی جاتی تھی جس کا مقصد یہ بتانا تھا کہ ریاست اپنےاختیارات کا استعمال منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آمروں نے عوام سے ان کا حق حکمرانی چھینتے ہوئے اس تقریب کو بند کمروں تک محدود کر دیا تھا۔