ہیرو کا کردارادا کرنے کی اب عمر نہیں:عدنان صدیقی

کراچی (سٹاف رپورٹر)اداکار عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ ہیروازم کا کردارادا کرنے کی اب عمر نہیں ،کہانی و سکرپٹ کے مطابق جاندار کردار چاہے منفی نوعیت کے ہی کیوں نہ ہو ںوہ کرکے میرے اندر کے فنکار کو سکون ملتاہے ۔ یکسانیت سے بچنے کیلئے اچھے سکرپٹ و کردار کی تلاش میں رہتاہوں۔ نئی ڈرامہ سیریل ’’سمی ‘‘ میں میری پرفارمنس ناظرین کو ضرور متاثر کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم ڈی پروڈکشنز اور سنٹر فار کمیونیکیشنز پروگرامزپاکستان کے اشتراک سے بننے والی سیریل سمّی کے سیٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مذکورہ سیریل کی کہانی معروف لکھاری نور الہدی شاہ کی تحریر ہے جو قبل ازیں ماروی ، جنگل اور عجائب گھر جیسے شاہکار ڈرامے تخلیق کرچکی ہیں۔ ڈرامے کی ہدایتکاری سیف ِحسن نے دی ہے ۔ سیریل کے نمایاں فنکاروںمیں عدنان صدیقی اور ماورا حسین کے علاوہ عرفان کھوسٹ، نور الحسن ، سیمی راحیل، ثمن انصاری، مدیحہ رضوی، نادیہ افغان ،ثانیہ سعید اور ریحان شیخ شامل ہیں ۔سیریل کے ہدایتکار سیف حسن کا کہنا تھا کہ ’’ سمّی ‘‘کئی معاشرتی مسائل کا پردہ چاک کریگی جس میں ونی جیسی قبیح رسم کیساتھ ساتھ زچہ و بچہ کی صحت اور خواتین کے وراثتی حق کے قانون شامل ہیں۔سیریل کا کیمرہ کلوز کردیا گیا 20 اقساط کی سیریل کا آغاز آج سے ہوگا۔