انٹرنیشنل

ہم نے پولیس، تعلیم اور صحت جیسے مردہ اداروں کو زندہ کیا، پرویز خٹک کا دبئی میں خطاب

دبئی (طاہر منیر طاہر) جب میں خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ بنا تو یہاں کے حالات بہت خراب تھے۔ تماما دارے بشمول پولیس، صحت، تعلیم ودیگر تمام ادارے تقریباً مردہ ہوچکے تھے ان کی کارکردگی نااہلی کی حد تک خراب تھی۔ خیبرپختونخوا کے عوام ان اداروں کی صفر کارکردگی کی وجہ سے بے حد پریشان اور مایوس تھے لیکن جب سے پاکستان تحریک انصاف نے صوبہ خیبرپختونخوا میں حکومت سنبھالی ہے، ان اداروں میں بہت بہتری آئی ہے جو سب کو نظر بھی آرہی ہے اور لوگ مطمئن بھی ہیں۔ ہمیں ان اور دیگر اداروں کو درست کرنے کے لئے کافی ہمت، محنت اور تنگ و دو کرنا پڑی۔ ان خیالات کا اظہار صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے گزشتہ روز دبئی میں اپنے اعزاز میں منعقد ایک تقریب سے کیا جس میں وہ مہمان خصوصی تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے نوجوانوں نے باہمی اشتراک سے یہ تقریب منعقد کی جس میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر احمد شیخانی، قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے پاسپورٹ قونصلر ریاض الوہاب، امجد اقبال امجد، محمد شریف آفریدی، شاہسوار خان، راجہ راشد علی، شیخ عاطف، عمران اکبر، صوفی محمد عمران، وقار احمد، عبدالمجید خان، سید ارسلان، ناصر خان، اسلم وزیر، ایاز خان عبدالرزاقل، عرفان افسر اعوان، حاجی میر حسن، ڈاکٹر رحمینہ ظفر، کامران ریاض، عمران چودھری اور پروفیسر نثار احمد کے علاوہ متعدد کارکنوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو پی ٹی آئی امارات کی طرف سے ایک یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ پی ٹی آئی یو اے ای میں مثالی کام سرانجام دینے پر کچھ کارکنوں کو بھی تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں ہر لحاظ سے کارکردگی بہتر رہی ہے، تمام ادارے اب درست سمت میں کام کررہے ہیں اور عوام الناس بھی مطمئن ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ صوبہ میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور اداروں کو بہتر بنانے کا ساراکریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے کہ جنہوں نے ذاتی توجہ سے صوبہ کے حالات کو بہتر کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی 2018ءکے انتخابات میں مثالی کامیابی حاصل کرے گی اور نہ صرف خیبرپختونخوا میں مزید بہتر کام کرے گی بلکہ پورے پاکستان میں حکومت کرکے تبدیلی کی عظیم لہر لائے گی۔ پرویز خٹک نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی ممبر شپ بڑھائیں اور الیکشن کی تیاری کریں، انشاءاللہ 2018ءکے انتخابات میں جیت پی ٹی آئی کی ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button