ہم تمہاری فوج پر بم برسادیں گے اگر۔۔۔‘ ترکی کھل کر میدان میں آگیا
انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک ) شام میں امریکہ ان کرد جنگجوﺅں کی سرپرستی کر رہا ہے اور ان کے ساتھ مل کر جنگ لڑ رہا ہے جو ترکی کے بقول اس کے ملک میں دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔اس معاملے پر امریکہ اور ترکی کے تعلقات میں پہلے بھی کشیدگی پائی جاتی تھی مگر اب اس نے امریکہ کو ایسی دھمکی دے دی ہے کہ دنیا کا کوئی ملک آج تک امریکہ کو ایسی دھمکی دینے کی جرأت نہیں کر سکا۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ترکی نے امریکہ کو دھمکی دی ہے کہ ”اگر تم نے کردوں کی پشت پناہی ترک نہ کی تو ہم تمہاری فوج پر بم برسا دیں گے۔“
ترکی کے سینئر حکومتی عہدیدار النور سیوک کا کہنا تھا کہ ”امریکہ کردش پیپلز پروٹیکشن یونٹ کے شدت پسندوں کے ساتھ مل کر لڑ رہا ہے اور ان کی ہر طرح کی معاونت کر رہا ہے حالانکہ یہ شدت پسند شام کے بارڈر پر موجود ترک فوجیوں پر حملے کرتے ہیں اور ترکی کے اندر بھی بم دھماکوں اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں۔ اگر یہ کرد جنگجو اور ان کے امریکی فوج کے مشیر اتنی آگے جاتے ہیں تو ہماری افواج بھی پروا نہیں کریں گی کہ امریکی فوج شام میں موجود ہے یا نہیں۔ ہماری افواج امریکہ کے جنگی بیڑوں کی بھی پروا نہیں کریں گی اور ان پر حملہ کر دیں گی۔“