ہم انصاف مانگنے آئے ہیں،یہ احتجاج نہیں ہے۔ سید خورشید شاہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ ہم انصاف مانگنے آئے ہیں،یہ احتجاج نہیں ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے پاکستان عوامی تحریک کے تحت لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے ہونےوالے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور ہماری سوچ ایک ہے وہ یہ کہ انصاف ہونا چاہیے،قصور کی بچی معصوم زینب انصاف مانگ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم آج سانحہ ماڈل ٹاؤن میں قتل کیے گئے افراد کے لیے انصاف مانگ رہے ہیں، ہم انصاف مانگنے آئے ہیں یہ احتجاج نہیں انصاف لینے یہاں بیٹھے ہیں،ہم پاکستان میں جمہوریت کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں امیر غریب قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے ، ہم جمہوریت کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں،چاہتےہیں پاکستان میں جمہوریت ہو، حکومت کے خلاف ہم سب ایک ہیں ۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ شہیدوں کے لہو کا حکمرانوں سے حساب مانگ رہے ہیں،چاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت قائم ہو، انصاف کے لیے ایک دن بھی بڑا ہوتا ہے، پوری قوم کہہ رہی ہے کہ اسے انصاف چاہیے۔
قائد حزب اختلاف نے یہ بھی کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ شہادت کیا ہوتی ہے، حکمرانوں سے شہیدوں کے لہو کا حساب مانگ رہے ہیں،جس ریاست میں انصاف نہ ہو وہ تباہ ہوجاتی ہے۔