ہمارے میزائل سات منٹ میں اسرائیل کا دارالحکومت تباہ کردیں گے‘ بڑے ایران کا زوردار اعلان-
تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے پے درپے ایران مخالف بیانات اور اقدامات کے بعد گزشتہ روز ایران کی طرف سے اپنے دشمنوں پر میزائل برسانے کی دھمکی دی گئی تھی۔اب اس امریکہ ایران تلخ گوئی میں اسرائیل بھی نشانے پر آ گیا ہے اور اب ایران کی حربی صلاحیت کے متعلق ایک ایسی خبر آ گئی ہے جس نے اسرائیلیوں کے اوسان خطا کر دیئے ہیں۔ یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ”ہمارے میزائل صرف7منٹ میں اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب تک پہنچنے اور اسے تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔“
رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے نیشنل سکیورٹی اینڈ فارن پالیسی کمیشن کے سینئر رکن اور ایرانی فوج کے سابق آفیسر مجتبیٰ زونورنے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہمارے میزائلوں کو اسرائیل تک پہنچنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ یہ صرف 7منٹ میں اسے تباہ کر سکتے ہیں۔“ ایٹمی میزائل کا تجربہ کرنے پر ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہے اور ایک جنگی بحری بیڑہ بھی یمن کے قریب آبنائے عدن میں روانہ کر دیا گیا ہے تاہم ایرانی حکام نے ٹرمپ کی ان دھمکیوں کا کوئی اثر نہیں لیا۔
ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ”ہم جلد میزائل ریڈار سسٹم کا تجربہ کریں گے اور ایٹمی میزائلوں کے تجربات بھی جاری رکھیں گے کیونکہ ہمارے ان ہتھیاروں کا واحد مقصد اپنا دفاع کرنا ہے۔“ ایرانی حکام نے ڈونلڈٹرمپ کو غیرمحتاط اور ناتجربہ کار شخص قراردیتے ہوئے مزید کہا کہ ”اگر کوئی ملک ایران کے خلاف جارحیت کی کوشش کرے گا تو ہم ان میزائلوں کو بروئے کار لانے میں دیر نہیں کریں گے۔“