ہمارے خلاف کارروائیاں امریکہ اور ہندوستان کے دباؤ پر کی جارہی ہیں :حافظ محمد سعید
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن) جماعت الدعوۃ پاکستان کے سربراہ حافظ سعید نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے خلاف حالیہ کارروائیاں امریکہ اور انڈیا کے دباؤ پر کی جا رہی ہیں،وزیر دفاع انڈیا کی زبان بول رہے ہیں ،حکومت کی طرف سے جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد قرار دینے کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا اور نہ ہی اس کی کوئی بنیاد ہے ،ہمیشہ عدالتوں سے سرخرو ہو کر نکلے ،کچھ سیاسی لوگ ان کے خلاف مہم چلا رہے اور کسی ’’اور ‘‘ کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ’’برطانوی خبر رساں ادارے ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت یا ان کا اپنا حقانی نیٹ ورک کے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کوئی رابطے ہیں جبکہ جماعت الدعوۃ کا افغانستان کے حالات سے کوئی تعلق نہیں البتہ وہ یہ ضرور کہتے رہے ہیں کہ امریکہ کو افغانستان سے نکل جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کو حقانی نیٹ ورک سے جوڑنے کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ کو حقانی نیٹ ورک سے مسئلہ ہے اور انڈیا کو جماعت الدعوۃ سے اور یہ دونوں ملک جب آپس میں ملتے ہیں تو وہ ان دونوں کو گڈ مڈ کر دیتے ہیں۔حافظ سعید کا جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیئے جانے کے سوال پر کہنا تھا کہ اُ ن کے پاس تو ایسا کوئی نوٹس نہیں آیا اور نہ ہی اِس کی کوئی بنیاد ہے،یہ امریکی دباؤ ہے اور ساتھ ہی یہ ساری باتیں انڈیا کی طرف سے کی جا رہی ہیں اور وزیر دفاع بھی انھیں کی زبان بول رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دور میں جنگیں مسائل کا حل نہیں اور انڈیا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو درست ہونا چاہیے لیکن بنیادی مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے، اْن کی یہی بات برداشت نہیں کی جا رہی۔