ہر غریب کو2022تک مکان فراہم کریں گے ، مودی
وارانسی (آئی این پی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 2022 میں آزادی کے 75سال پورے ہونے پر ملک کے ہر غریب شہری کو مکان فراہم کرنے کا عزم کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ کام بڑا اور مشکل ہے تاہم مشکل کام مودی نہیں کریگا تو کون کریگا، انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صرف اپنی پارٹی عزیز ہے لیکن ہمارا نظریہ ہے کہ پارٹی سے بڑا ملک ہے ، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی ووٹ حاصل کرنے کیلئے سیاست نہیں کرتی کیونکہ اس کیلئے ملک کی ترقی اولین ترجیح ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر اعظم مودی نے اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے دورے کے آخری دن تقریب میں منعقد مویشی صحت میلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دوسری سیاسی پارٹیاں اسی کام کو ترجیح دیتی ہیں جس میں ووٹ کے امکانات ہوں لیکن ہمارا کردار مختلف ہے ۔ ہمارے لئے پارٹی سے بڑا ملک ہے ۔ اسی وجہ سے ہماری ترجیحات ووٹ کے حساب سے نہیں ہوتیں۔ میلے میں ان جانوروں کی دیکھ بھا ل کی جارہی ہے جنہیں کبھی ووٹ دینے نہیں جانا۔