گورنر سندھ کی جانب سے عوام کیلئے بڑے اقدام کا فیصلہ
کراچی(ویب ڈیسک)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں امن و امان کے قیام کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ ، تعلیم ،صحت ، پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی ہے با الخصوص غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں حکومت کے بھرپور تعاون کے باعث نجی شعبہ مزید فعال ہو گیا ہے رواں برس نجی شعبہ میں 50 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔ صنعتی فعالیت سے معاشی خوشحالی یقینی ہے ، صوبہ میں صنعتی فعالیت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے ساتھ ساتھ تیز رفتار ذرائع آمد رفت کےلئے بھی ضروری اقدامات اٹھارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں106 ویں نیشنل مینجمینٹ کورس کے شرکا ءسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری محمد صالح احمد فاروقی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال،ہمسایہ ممالک سے پاکستان کے سفارتی تعلقات ،ان میں مزید اضافہ کے اقدامات،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاک چین دوستی کا عظیم الشان شاہکار ہے ، سی پیک پورے خطہ کے لئے گیم چیلنجر کی حیثیت رکھتا ہے ، سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغازہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوگے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا اقتصادی مستقبل کراچی کی معاشی ترقی میں مضمر ہے، بڑے صنعتی مراکز اور کاروباری اداروں کے باعث کراچی کو ملک کا معاشی حب ہونے کا اعزاز حاصل ہے، امن و امان کے قیام کے بعد کراچی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل شہر بن چکا ہے، کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں جگہ دلوانے کےلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بہتر نظم و نسق کے نت نئے چیلنجر سے نمٹنے کے لئے افسران کی مسلسل تربیت نہایت اہمیت کی حامل ہے اس طرح کے کورسز سے افسران کی انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے ، عوامی مسائل کے حل میں افسران کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے اہل افسران کسی بھی حکومت کا اثاثہ ہوتے ہیں کیونکہ ان کی کارکردگی حکومت کی کامیابی کیلئے ضروری ہوتی ہے۔ وفد کے اراکین نے گورنر سندھ سے صوبہ کی سیاسی صورتحال،ترقیاتی منصوبوں ،امن و امان ، کراچی میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور گورنر کے آئینی کردار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے سوالات بھی کئے۔