کھیل

کیویز نے بھارت کا حساب چکتا کر دیا، کولن منرو کی سنچری

راجکوٹ: نیوزی لینڈ نے بھارت کو دوسرے ٹی 20 میں 40 رنز سے شکست دیکر حساب چکتا کردیا۔
بھارت سے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ٹاس جیتنے پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹ پر 196 کا مجموعہ ترتیب دیا، سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن کی بیٹنگ کیلیے سازگار وکٹ کا کیویز نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور بھارتی بولرز کی دل کھول کر پٹائی کی۔
اوپنر کولن منرو نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 109 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انھوں نے مارٹن گپٹل کے ہمراہ ٹیم کو 105 کی مضبوط بنیاد بھی فراہم کی، گپٹل نے بھارتی اسپنر یزویندر چاہل کے پہلے اوور میں 2 چھکے اور1 چوکالگاکر اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کیا، چاہل نے گپٹل کو آؤٹ کرکے ابتدائی ہزیمت کا بدلہ لے لیا، کیوی اوپنر 41 گیندوں پر 45 رنزبنانے کے بعد پانڈیا کا کیچ بنے۔
بھارت کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے پیسر محمد سراج نے 4 اوورز میں 53رنز دے کرولیمسن کی وکٹ حاصل کی،کیوی کپتان نے 12رنز بنائے، بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے منرو نے 7 چوکے اور7 چھکے لگائے، انھیں 45 اور 79 کے انفرادی اسکورز پر مواقع ملے، انھوں نے ٹی20 میں دوسری بار تھری فیگر اننگزسجائی،ٹام بروس نے 18رنز ناٹ آؤٹ بنائے، منرواور ان کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 56رنز کی ناقابل شکست شراکت بنی۔
بھارتی ٹیم جوابی اننگز میں 7 وکٹ پر 156 رنز بنا سکی، کپتان کوہلی 65، دھونی 49 اور شیریاس ایئر23 رنز بنانے میں کامیاب رہے،بولٹ نے 34رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، ایک ایک وکٹ مچل سینٹنر، ایش سودھی اور کولن منروکو ملی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button